وفاقی کابینہ میں توسیع ،اہم تبدیلیاں،نوازشریف کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا؟
بعض اہم پارٹی رہنماؤں کو معاون خصوصی مقرر کئے جانے پر بھی غور ، بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیو ایم کو مزید نمائندگی دی جاسکتی ہے: ذرائع

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ میں توسیع اور قلم دانوں میں تبدیلی کے حوالے سے مشاورت تیز کر دی گئی ۔حکومتی ذرائع کے مطابق بعض وزراء کو تبدیل جب کہ کئی وزراء کے قلم دانوں میں رد و بدل کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جب کہ اتحادی جماعتوں کی نمائندگی بڑھانے کے لئے سیاسی قیادت سے مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے شامل کئے جانے والے ارکان کو ابتدائی طور پر وزیر مملکت کے عہدے دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ بعض اہم پارٹی رہنماؤں کو وزیراعظم کے معاونین خصوصی مقرر کئے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ دو مختلف اداروں کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا جن میں حکومتی کارکردگی اور انتظامی امور سے متعلق سفارشات شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ میں مجوزہ تبدیلیوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو بھی اعتماد میں لیا ہے اور ان سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلوں کی جانب پیش رفت کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیو ایم کو مزید نمائندگی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔مزید برآں کابینہ میں تبدیلیوں کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔



