زائرینِ کربلا کے لیے حکومت مزید سہولتیں فراہم کرے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان
امام حسینؓ کی قربانی پوری انسانیت کے لیے ہے، نجف سے کربلا پیدل سفر میں ہر مذہب کے افراد شریک ہوتے ہیں، گورنر پنجاب

کربلا / لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ اہلِ بیتؓ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق، صبر اور انسانیت کی علامت رہے گی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ عراق جانے والے پاکستانی زائرین، خصوصاً بذریعہ سڑک سفر کرنے والوں کے لیے مزید سہولتیں اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
گورنر پنجاب نے حضرت امام حسینؓ کے روضۂ مبارک پر حاضری اور نوافل کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کربلا میں اہلِ بیتؓ کی قربانی ناقابلِ فراموش ہے اور اسی قربانی کی بدولت اسلام کا پیغام آج پوری دنیا میں زندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی خراجِ عقیدت پیش کرنے کربلا آتے ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی کسی ایک مسلک یا فرقے کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجف سے کربلا تک پیدل سفر (اربعین واک) کے دوران ہندو، عیسائی، مسلمان اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی عقیدت کے ساتھ شریک دیکھا جا سکتا ہے، جو امام حسینؓ کی عالمی اور انسانی عظمت کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں زائرین حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر کربلا پہنچتے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ بذریعہ روڈ سفر کرنے والے زائرین کے لیے مکمل سکیورٹی اور سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود حضرت امام حسینؓ کے روضۂ مبارک پر زائرین کی بڑی تعداد ان سے بے پناہ محبت اور عقیدت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کربلا کے روح پرور ماحول کو ایمان افروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے مناظر ہر آنے والے کے دل پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے روضۂ مبارک کے احاطے میں نوافل ادا کیے اور پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔



