پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادبسائنس و ٹیکنالوجی
نوجوان کاکروچ نہیں، اقبال کے شاہین ہیں : پیٹر چارلس سہوترا
پاکستان مائنارٹیز موومنٹ نوجوانوں کوآئی ٹی، مصنوعی ذہانت، ای کامرس کی تربیت دے رہی ہے

لاہور:(محمد قیصر چوہان )پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان کاکروچ نہیں بلکہ اقبال کے شاہین اورپاکستان کا روشن مستقبل ہیں،علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن پر استوار ہماری فکری بنیادیں اس حقیقت کی عکاس ہیں کہ پاکستان کبھی ناکام نہیں ہو سکتا۔
نوجوان نسل اپنی فکری بنیادوں کو مضبوط کرے اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں اپنی خودی کو بیدار کرے،پاکستان مائنارٹیز موومنٹ اپنی مدد آپ کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں، جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے تاکہ پاکستان کے نوجوان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں اپنا مقام بنا سکیں۔
فری لانسنگ، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، ای کامرس اور دیگر جدید شعبوں میں مہارت حاصل کرنے والے نوجوان ملک کیلئے قیمتی انسانی سرمایہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع اور ضروری وسائل فراہم کیے جائیں تو یہی نوجوان پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط ملک بنانے میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعتماد، جدت اور بہترین کارکردگی کو اپنا شعار بنائیںکیونکہ پاکستان کا روشن مستقبل باصلاحیت ہنر مند نوجوانوں سے وابستہ ہے، نوجوان مایوسی کے بجائے اُمید، علم، محنت اور جدوجہد کا راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنے خوابوں کو عزم، مسلسل محنت اور قومی یکجہتی کے ساتھ جوڑ دیں تو پاکستان کو ایک مضبوط، خودانحصار اور خوشحال ریاست بنانے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔



