لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو سیاحتی اعتبار سے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پیپلز پارٹی جی بی کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس لاہور میں گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر عمران ندیم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی فتح پوری قوم کی فتح ہے۔ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنی قدرتی خوبصورتی، پہاڑوں، جھیلوں اور دیگر قدرتی وسائل کے باعث سیاحوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، تاہم اسے سیاحتی اعتبار سے مزید بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور سیاحتی مواقع پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر عمران ندیم نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحوں کی جنت اور قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے۔ انہوں نے علاقے کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
نالہ ڈیک کی طغیانی، گورنر پنجاب سے مرکزی مسلم لیگ کے وفد کی ملاقات
دریں اثنا گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی خصوصی دعوت پر مرکزی مسلم لیگ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور ان سے تفصیلی ملاقات کی۔
وفد کی قیادت مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر نے کی۔ ملاقات کے دوران نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال، متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن سمیت عوام کو درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے نالہ ڈیک میں طغیانی کے دوران فوری ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مرکزی مسلم لیگ کے ذمہ داران اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کی مدد اور ریلیف سرگرمیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔



