پاکستانتازہ ترینصحت

عوامی فلاح و بہبود: وفاق، صوبے ملکر کام کر رہے: شہباز شریف

ہر قیمت پر پاکستان سے پولیو کے مرض کا خاتمہ کرنا ہوگا، وزیراعظم: بچوں کو قطرے پلا کر رواں سال کی پہلی مہم کا افتتاح کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، شازیہ مری اور ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ سے بھی ملاقات کی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی لاہور میں رہائش گاہ آمد ہوئی جہاں وزیراعظم کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کے موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ، ارکان قومی اسمبلی خورشید شاہ اور شازیہ مری بھی موجود تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ڈپٹی سپیکر کو بیٹے کی شادی پر مبارکباد دی اور ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہتر ہوتے معاشی اشاریے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور عالمی اقتصادی اداروں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات کے موقع پر دیگر ارکان قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔ مزید برآں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہمیں ہر قیمت پر پاکستان سے پولیو کے مرض کا خاتمہ کرنا ہوگا، مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کاوشوں سے سے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکتا ہے، انسداد پولیو مہم کے ذریعے بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران بچوں کو قطرے پلا کر رواں سال کی پہلی مہم کا افتتاح کر دیا، رواں سال 2025کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انسداد پولیو تعاون پر عالمی ادارہ صحت، یونیسف، سعودی عرب سمیت دیگر عالمی شراکت داروں کی معاونت پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 2025کی پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ، اس طرح پاکستان کے کروڑوں بچوں اور بچیوں کو پولیو کے قطرے پلا کر اس مرض سے قوم کے بچوں کو محفوظ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ٹیم شبانہ روز محنت کر رہی ہے اور حالیہ مہم کے دوران پولیو ورکر ز ملک کے دور دراز علاقوں اور دیہاتوں میں ہر جگہ پہنچ کر ایک اہم قومی فریضہ سر انجام دیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں پولیو کے تقریبا 77کیس سامنے آئے جو ایک بہت بڑا چیلنج اور پولیو کے حوالے سے ایک بڑا سیٹ بیک تھا، اس سال ابھی تک جنوری میں ایک کیس ریکارڈ ہوا ہے، کاش یہ کیس بھی نہ آتا لیکن ہمیں ہر قیمت پر ان شاء اللہ پولیو کا پاکستان سے خاتمہ کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس حوالے سے ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے افغانستان سے بھی پولیو کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کوششوں سے ہم پاکستان سے پولیو کے مرض کا کا خاتمہ کر سکیں گے۔ انسداد پولیو مہم کے ذریعے بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمہ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے، ہمیں ہر قیمت پر پاکستان سے پولیو کے مرض کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے، جس میں پانچ سال سے کم عمر کے کروڑوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر ان کو اس مرض سے محفوظ کریں گے، پولیو ورکر ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں، قصبوں اور شہروں میں بچوں کو قطرے پلا کر قومی ذمہ داری نبھائیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم آج کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم قلات اور ہرنائی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت بھی کریں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button