لاہور ( سلمان حسین سے) سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم کو 78رنز سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ اور رچن رویندرا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں و ل ینگ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ کرا دیا جبکہ 39کے مجموعے پر ابرار احمد نے رچن رویندرا کو آئوٹ کر دیا۔134کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے کین ولیمسن کو 58رنز پر آئوٹ کیا اور اس کے بعد ٹوم لیتھن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ڈیرل مچل اور فلپس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ 50اوور ز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ گلین فلپس نے ناقابل شکست 106رنز کی جارحانہ اننگزکھیلی اور72 گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ ڈیرل مچل 81رنزبناکرنمایاں رہے۔
شاہین آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، ابراراحمد دو اور حارث رئوف نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ حارث اپنے ساتویں اوور کے دوران درد کے باعث گرائونڈ سے باہر چلے گئے۔ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا لیکن ان کا ساتھ کوئی نہ دے سکا، بابر 10، کامران 18اور رضوان تین رن بنا کر لوٹ گئے۔
فخر زمان بھی 69گیندو ں پر 84رنز بنا کر ہمت ہار گئے، اس کے بعد سلمان آغا 40طیب طاہر 30کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 252رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی اور یوں اسے 78رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم حارث بیٹنگ کیلئے نہ آ سکے۔ سینٹنر نے تین، بریسویل اور میٹ ہینری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ تین ملکی سیریز کا دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان پیر کو ( کل ) لاہور میں کھیلا جائے گا۔



