پاکستانتازہ ترینکاروبار

پاکستان کی صنعتی توانائی میں خود انحصاری کی جانب ایک انقلابی پیش رفت

ہائبرڈ سولر بیٹری سسٹم کی بدولت سالانہ 3 لاکھ 60 ہزار لیٹر ڈیزل کی بچت ہوگی، زرمبادلہ پر دباؤ کم ہوگا، اسماعیل ستار

کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان کی صنعتی توانائی میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر صف اول صنعتی ادارے حب سالٹ نے چین کی معروف کمپنی لیوولٹیک کے ساتھ ہائبرڈ سولر اور بیٹری اسٹوریج سسٹم کی تنصیب کے لیے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ طے کیا ہے۔
کراچی میں منعقدہ تقریب میں حب سالٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسماعیل ستار اور لیوولٹیک کے ایشیا پیسفک ڈائریکٹر میکس ما نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر اسماعیل ستار نے آپٹیمائزن کے سی ای او یاسر مہدی کے ساتھ دستاویز کا تبادلہ کیا۔یہ منصوبہ انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن (ای پی سی) کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا جس کی ذمہ داری آپٹیمائزن کو سونپی گئی ہے جو اپنے چینی ٹیکنالوجی پارٹنر لیوولٹیک کے اشتراک سے اس منصوبے پر کام کرے گی۔
اس منصوبے کے تحت 1.44 میگاواٹ کا سولر فوٹو وولٹائک (پی وی) سسٹم نصب کیا جائے گا جسے 2.35 میگاواٹ پر آور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (بی ای ایس ایس) کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ اس اقدام سے کمپنی کی درآمدی ڈیزل پر انحصار نمایاں طور پر کم ہوگا۔
معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حب سالٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اسماعیل ستار نے اس منصوبے کو کمپنی کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صنعتی شعبے کے لیے ایک مثال ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جدید قابل تجدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے نہ صرف ہماری آپریشنل صلاحیت بہتر ہوگی بلکہ پاکستان کے صنعتی شعبے میں گرین انرجی کے فروغ کے لیے بھی ایک معیار قائم ہوگا۔ یہ منصوبہ ہماری طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت ہم پائیدار صنعتی ترقی و قومی توانائی کے اہداف کے حصول میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
حب سالٹ جو اس سے قبل مکمل طور پر ڈیزل جنریٹرز پر انحصار کررہا تھا اب ایک جدید ہائبرڈ توانائی نظام کی طرف منتقل ہوگا۔اس منصوبے سے سالانہ تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار لیٹر ڈیزل کی بچت ہوگی جس سے درآمدی اخراجات میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا۔
ماحولیاتی لحاظ سے بھی یہ منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کے تحت سالانہ 2 ہزار ٹن سے زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی جو تقریباً 90 ہزار درخت لگانے کے برابر ہے۔ اس اقدام سے حب سالٹ کو عالمی کاربن مارکیٹس میں بھی شرکت کا موقع ملے گا جہاں ویرا اور گولڈ اسٹینڈرڈ جیسے بین الاقوامی معیار کے تحت کاربن کریڈٹس حاصل کیے جا سکیں گے۔
 یہ ہائبرڈ نظام قابل تجدید توانائی کے زیادہ سے زیادہ استعمال، بہتر کارکردگی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے جو پاکستان میں صنعتی توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
لیوولٹیک کے ایشیا پیسفک ڈائریکٹر ڈائریکٹر میکس ما اور آپٹیمائزن کے سی ای او نے بھی اس گرین انرجی منصوبے کی اہمیت پر زور دیا اور مقررہ مدت سے پہلے اس کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا اور ساتھ ہی اس توقع کا اظہار کیاکہ یہ باہمی تعاون لیوولٹیک کی پاکستان میں موجودگی کومزید مستحکم کرے گا اور آپٹیمائزن کے اشتراک سے بڑے منصوبوں کی تکمیل میں اس کی مہارت کو بھی اجاگر کرے گا۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button