پاکستانتازہ ترینسپورٹس

بی سی سی آئی سے معافی مانگی نہ مانگوں گا، محسن نقوی

بھارت کرکٹ میں سیاست کو گھسیٹ رہا، کھیل کی اصل روح کو نقصان پہنچا

لاہور ( سلمان حسین) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اور ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کے ان دعوئوں کی تردید کی ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے ایشیا کپ فائنل میں ٹرافی حوالے کرنے کے تنازع پر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی) سے معافی مانگی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل کی اختتامی تقریب اس وقت ایک تماشے میں بدل گئی تھی، جب بھارتی ٹیم نے اے سی سی چیف سے ونرز ٹرافی وصول سے انکار کر دیا تھا، جو دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات میں ایک تاریخی بدترین لمحہ تھا۔ بعد ازاں بھارتی میڈیا نے یہ الزام عائد کیا کہ ٹرافی دینے سے خود محسن نقوی نے انکار کیا تھا۔
اب بھارتی میڈیا اداروں، بشمول انڈیا ٹوڈے، فنانشل ایکسپریس اور ہندستان ٹائمز نے یہ رپورٹ کیا ہے کہ محسن نقوی نے بی سی سی آئی سے معافی مانگ لی ہے، لیکن پھر بھی انہوں نے ٹرافی دینے سے انکار کر دیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ پر چلتا ہے، حقائق پر نہیں، میں بالکل واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور نہ ہی کبھی بی سی سی آئی سے معافی مانگی ہے اور نہ ہی کبھی مانگوں گا۔ انہوں نے ان دعوئوں کو من گھڑت، بکواس اور سستا پروپیگنڈا قرار دیا، جس کا مقصد بھارتی عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
پی سی بی چیئرمین نے بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ میں سیاست کو گھسیٹ رہا ہے، جس سے کھیل کی اصل روح کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت اے سی سی چیئرمین، میں اس دن بھی ٹرافی دینے کے لیے تیار تھا اور آج بھی تیار ہوں، اگر وہ واقعی چاہتے ہیں تو خوشی سے آئیں اور اے سی سی کے دفتر سے مجھ سے ٹرافی لے جائیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button