لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے جبکہ 80 فیصد لوگ غربت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی متوسط طبقے اور غریب عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور بلاول بھٹو زرداری ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ کی تحصیل رحمت آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ملک میں مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے، گورنر پنجاب
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج ملک کا غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور مہنگائی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر عام شہری کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "اے سی میں بیٹھ کر لگتا ہے کہ سارا ملک خوشحال ہے، لیکن اگر کسی غریب کے دو مرلہ گھر میں جا کر دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ لوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی بھی نہیں کھلا سکتے۔”
پیپلز پارٹی غریب عوام کی نمائندہ جماعت ہے
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ متوسط طبقے اور غریب عوام کی آواز بنی ہے اور عوام کے مسائل کو بہتر انداز میں سمجھتی ہے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچائیں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں۔
بلاول بھٹو ہی ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک ویژنری اور باصلاحیت رہنما ہیں جو ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "بلاول بھٹو یس سر کہنے والے نہیں بلکہ ایک پیدائشی لیڈر ہیں، اور ان کے علاوہ کوئی رہنما ملک کو آگے نہیں لے جا سکتا۔”
آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ
گورنر پنجاب نے کہا کہ آئندہ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور تیر کے نشان کو کشمیر کے ہر کونے میں کامیاب بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن متحد ہو کر عوام تک شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچائیں۔
کنونشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں، عہدیداروں، مقامی رہنماؤں اور علاقے کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



