پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادبفن اور فنکار

شاعر، ادیب اور نقاد غلام حسین ساجدکے نام ایک شام ،یادوں کے چراغ روشن

سلمیٰ اعوان کی صدارت، نوید صادق، صائمہ آفتاب،فرخ مجید،امجد ممتازکی خوبصورت گفتگو،لیاقت علی ناہراکی شاعری،ارشد عزیز کا مزاحیہ رنگ، آفتاب جاویدکا گیان اور عرفان علی کی گائیکی

لاہور:(شہزاد فراموش) نامور شاعر، ادیب اور نقاد غلام حسین ساجدکے نام ایک شام سجی، جس کی صدارت ممتاز ادیبہ سلمیٰ اعوان نے کی۔

 

سوئی ناردرن گیس کلچرل سوسائٹی کے عہدیدار چیئرمین فرخ مجید،سیکرٹری مدثر بشیر،عہدیدارامجد ممتاز، لیاقت علی ناہرا،راحیل فاروق اور رضوان نصیر نے مہمانوں کا پرخلوص استقبال کیا۔

مسندِ صدارت پر سلمیٰ اعوان، صاحبِ شام غلام حسین ساجد، نوید صادق، صائمہ آفتاب اور فرخ مجید جلوہ افروز تھے۔ محفل کا آغاز سید عرفان علی کی روح پرور حمد سے ہوا۔

صاحبِ شام غلام حسین ساجد نے اپنے سفرِ زندگی اور ادب سے لگاؤ کا ذکر کرتے ہوئے ظرافت اور سادگی سے فرمایا کہ”میں اپنے قبیلے کا پہلا پڑھنے والا اور پہلا شاعر ہوں۔ سچ تو یہ ہے کہ میرے گھر میں، میری شریکِ حیات سمیت، کسی نے میری شاعری نہیں پڑھی۔ بچپن میں سودا سلف کے ساتھ لپٹے اخبارات اور سکول کے صندوق سے نکلی کہانیوں نے میری فکری آبیاری کی۔

کتب بینی اور ادب سے اس گہرے تعلق نے بظاہر مجھے تنہا کر دیا، مگر میری دنیا اب بھی دس ہزار کتابوں کی لائبریری اور علم سے آباد ہے۔“انہوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تجویز دی کہ سوسائٹی کو ہر سال ادب کی مختلف اصناف پر ایوارڈز کا سلسلہ بھی شروع کرنا چاہیے۔

صدر مجلس سلمیٰ اعوان نے کہا کہ غلام حسین ساجد ادب کی ہشت پہلو شخصیت ہیں۔ کسی حکومتی ادارے میں ایسی شاندار ادبی شام کا انعقاد بے حد خوش آئند ہے۔

نوید صادق اور امجد ممتاز نے صاحبِ شام کی ادبی خدمات پر خوبصورت مضامین پیش کیے۔ فیصل آباد سے آئے ارشد عزیز کے مزاحیہ مضمون نے محفل میں مسکراہٹیں بکھیریں، جبکہ صائمہ آفتاب کی اردو اور لیاقت علی ناہرا کی پنجابی شاعری نے سامعین سے خوب داد سمیٹی۔

عرفان علی نے شو کمار بٹالوی کا کلام ”مائے نی مائے“موسیقی پر گایا، جبکہ آفتاب جاوید نے غلام حسین ساجد کا ”گیان“پڑھ کر داد سمیٹی۔ اختتام پر سیکرٹری مدثر بشیرنے معزز مہمانوں کو باری باری سٹیج پر مدعو کیا، جہاں سوسائٹی کے نمائندوں کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈز اور پھول پیش کیے گئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button