پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

بسنت تیاریوں کا آغاز ، پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی فروخت

سی سی پی او کا تہوار کیلئے مختص چھتوں کے مالکان سے شورٹی بانڈز لینے کا حکم

لاہور ( بیورو چیف ) لاہور میں بسنت کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا، پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی فروخت شروع ہوگئی، سی سی پی او لاہور نے بسنت کیلئے مختص چھتوں کے مالکان سے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے شورٹی بانڈز لینے کا حکم دے دیا۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں 2246ٹریڈرز کو خریدو فروخت کی اجازت مل گئی۔
ضلع لاہور میں اتوار سے 8فروری تک پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی خرید و فروخت کی اجازت دے دی گئی، 8فروری کے بعد پتنگیں بنانے اور بیچنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق ابھی تک 2504ٹریڈرز نے آن لائن اپلائی کیا، 163رجسٹریشن ان پراگریس ہیں، 95 ٹریڈرز کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں، 8فروری تک رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا، مزید ٹریڈرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب لاہور میں پتنگیں اور ڈور کی خریداری کا آغاز ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے اندرون شہر کا رخ کر لیا۔
عوام کے شدید رش کے باعث دکانداروں نے ایک گھنٹہ بعد ہی دکانیں بند کر دیں، شہریوں کی جانب سے ڈور گڈی کی قیمت زیادہ ہونے کا شکوہ کیا جا رہا ہے۔ایک تاوا گڈا 250روپے سے 300روپے تک میں فروخت ہوا، ڈیڑھ تاوا گڈا 450روپے سے 500روپے میں فروخت ہوا، ایک پیس کا پناہ 4ہزار اور ڈیڑھ پیس کا پناہ 6ہزار میں فروخت ہونے لگا۔دوسری جانب سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرصدارت بسنت کے پرامن انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بسنت کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ چھتوں پر گنجائش سے زائد افراد کی اجازت نہیں ہوگی، پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے، آج سے کوئی موٹر بائیک سیفٹی راڈ کے بغیر روڈ پر نہیں آنی چاہیے ۔ سی سی پی او لاہورنے بسنت کے دوران مانیٹرنگ کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہا ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہے، خلاف ورزی پر بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ ادھر پشاور شہر میں تیار کردہ رنگین پتنگیں ایک بار پھر بسنت کی خوشبو لئے لاہور میں اڑنے کیلئے تیار ہیں۔
پشاور کی رنگین پتنگیں ایک بار پھر بسنت کی خوشبو لیے لاہور کی فضائو ں کا رخ کر رہی ہیں بسنت کی آمد سے پہلے ہی پتنگوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔پتنگ فروشوں کا کہنا ہے کہ پتنگوں کی ڈیمانڈ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جو پتنگ پہلے صرف 70روپے کی تھی، اب اس کی قیمت 300روپے تک پہنچ چکی ہے۔
پتنگوں کی بڑھتی ہوئی مانگ نے مارکیٹ کو مزید گرم کر دیا ہے۔ پنجاب میں بسنت منانے کی تیاریاں جاری ہیں اور اس تہوار کے لیے درکار زیادہ تر پتنگیں پشاور سے لاہور لے جائی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں 6سے 8فروری تک بسنت کا ثقافتی تہوار منایا جائے گا۔ تاہم ضلع انتظامیہ نے اس حوالے سے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button