بسنت پرفائرنگ،فحاشی ،غیراخلاقی رویہ ناقابل برداشت:آئی جی عبدالکریم
لاہور:(بیوروچیف)لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کی آمد کے موقع پر پنجاب پولیس نے سکیورٹی اور قانون پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا۔ آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت کے محفوظ انعقاد کیلئے حکومتی ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز کی مکمل پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈوریں فروخت کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی جی نے خبردار کیا کہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون فوری حرکت میں آئے گا۔
علاوہ ازیں ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 150 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 157 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، جن سے 39 ہزار 667 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 248 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔



