لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ملاقات کی ہے۔ گورنر ہائو س لاہور میں ہونے والی ملاقات میں بین الصوبائی روابط کو فروغ دینے اور پیپلز پارٹی سندھ اور پنجاب کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر میئر کراچی نے گورنر کی پیپلز پارٹی کو پنجاب میں متحرک کرنے اور پنجاب کے عوام کی بہتری کے لیے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات میں ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پی پی پی سینٹرل پنجاب احسن رضوی، سردار علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے عوامی فلاح بہبود کے منصوبوں کے جال بچھا دیئے ہیں۔
مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق کراچی کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومتیں نیک نیتی سے کام کر رہی ہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی عوامی نمائندہ جماعت کے نوجوان لیڈر ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا حالیہ دورہ چین کافی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے اللہ نے پوری دنیا میں پاکستان کو عزت بخشی۔



