انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

سائفر لیک منتخب وزیر اعظم کوہٹانے کا ثبوت،عوام سے ووٹ کا حق چھیننے کی تیاریاں:پی ٹی آئی

پارلیمان قیدہوتوفیصلے سڑکوں پرہوں گے:بیرسٹر گوہر،سلمان اکرم، بشریٰ بی بی کو جیل میں بنیادی انسانی حقوق نہیں مل رہے، پی ٹی آئی کےسینیٹرزکا انسانی حقوق کمیشن کوخط

اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی اور بشری بی بی کو قید تنہائی میں رکھنے اور عدالتی فیصلوں کے باوجود ملاقات کا حق نہ دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے عوام کو ظلم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے، مسلط شدہ حکومت اب عوام سے ووٹ کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے،حکومت قانون سازی کے ذریعے ووٹر کی عمر بڑھا رہی ہے کیونکہ یہ خوفزدہ ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کاکہناتھابانی سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر پوری دنیا میں آواز اٹھائیں گے۔ ملک کے مسائل دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے میں کسی کو بھی دلچسپی نہیں،عمران خان اور بشری بی بی کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی قید کو ایک ہزار سے زائد دن گزر چکے ہیں، انہوں نے ہائی کورٹ کے ملاقات کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا فیملی اور وکلاء کو خان صاحب سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہم خاموش نہیں ہوں گے، ہر روز کورٹ کو یاد دلائیں گے کہ ظلم ہو رہا ہے، خان صاحب نے اپنی آنکھوں کی خرابی سے آگاہ کیا،وہ قید تنہائی میں ہیں، ان سے کوئی انسان نہیں مل رہا۔

یہ انسانیت سوز صورتحال ہے، ہم پوری دنیا کے ایوانوں میں اس پر آواز بلند کر رہے ہیں،اسٹیبلشمنٹ نے گٹھ جوڑ کرکے جمہوری حکومت ختم کی، ڈراپ سائٹ نے سائفر منظر عام پر لا کر پی ٹی آئی کی بات کو درست ثابت کر دیا، پوری دنیا میں ووٹنگ کی عمر کم کی جا رہی ہے مگر یہ بڑھا رہے ہیں، اگر عدالتیں بند رہیں اور پارلیمان قیدہو تو فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔

صوبوں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں، ان کے بجٹ کم کیے جا رہے ہیں اور این ایف سی میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، 1947 میں آزادی ملی تھی مگر آج بھی قید میں ہیں، پی ٹی آئی اس ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ووٹر کی عمر بڑھانے کی بات کو غیر سنجیدہ کہہ دیا۔ بیرسٹر گوہر نے ووٹ دینے کی عمر کی حد 18 سے 25 برس کرنے کی تجویز پر کہانہیں سمجھتا یہ کوئی سنجیدہ بات یا تجویز ہے، اقوام متحدہ 15 سے 25 سال عمر کے افراد کویوتھ کہتا ہے، آپ یو این کے مطابق یوتھ کہلانے والے افراد کو جمہوری پراسس سے کیسے آؤٹ کرسکتے ہیں؟

رانا ثنا اللّٰہ نے ووٹرز کی عمر کی حد سے متعلق بات کی ہے، 18 سال والوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے سے ڈیموکریٹک پراسیس متاثر ہوگا، 28 ویں آئینی ترمیم سےمتعلق پی ٹی آئی سےکوئی بات نہیں کی گئی، یہ اسمبلی مزید ترامیم نہیں کرسکتی، ترامیم تب کرنی چاہیےجب عوام اور تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہو۔

پی ٹی آئی سینیٹرزنے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں بنیادی انسانی حقوق نہیں مل رہے،انسانی حقوق کمیشن کو خط میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی صحت و جیل حالات پر فوری نوٹس لینے کی درخواست کی ہے ۔خط میں بشریٰ بی بی کی طبی سہولیات، میڈیکل ریکارڈ اور علاج کی تفصیلات طلب کرنے کی استدعا اوراڈیالہ جیل میں حالات کا آزادانہ معائنہ کرانے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔خط پرسینیٹر علی ظفر،عون عباس،فوزیہ ارشد سمیت متعدد کے دستخط ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے حالیہ منظرِ عام پر آنے والی مبینہ سائفر دستاویز لیک کو ملکی سیاسی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس انکشاف نے عمران خان کے موقف کو درست ثابت کر دیا۔ عمران خان نے جس غیر ملکی مداخلت اور مبینہ سازش کی نشاندہی کی تھی آج سامنے آنے والی معلومات نے اس کی تصدیق کر دی۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران اس معاملے کو سازشی نظریہ قرار دے کر مسترد کیا جاتا رہاجبکہ مختلف حلقوں کی جانب سے اسے سیاسی بیانیہ کہا گیا۔ سائفر لیک ثبوت ہے کہ ایک منتخب وزیر اعظم کو بیرونی دباؤ اور اندرونی سہولت کاری کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا، جو جمہوری اقدار اور قومی خودمختاری کے خلاف اقدام تھا۔معاملے پر فوری، آزادانہ اور شفاف عدالتی تحقیقات کرائی جائیں اور تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button