انسانی سمگلنگ ،حوالہ ہنڈی میں ملوث 6 ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار
ایف آئی اے لاہورزون نےساڑھے 16 لاکھ روپے بھی برآمد کرلئے، گرفتار ملزموں میں سلمان ،عبیداللہ، شفیق خان، رمضان، رضا، علیم شامل
لاہور:(بیوروچیف)ایف آئی اے لاہور زون کی کارروائیاں ،انسانی سمگلنگ ،حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 6 ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لئے گئے۔ترجمان کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں ۔ گرفتار ملزموں میں محمد سلمان ،عبیداللہ، شفیق خان، محمد رمضان، محمد رضا اور محمد علیم شامل ہیں۔
گرفتار ملزم محمد سلمان نے شہری کو سعودی عرب ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے ہڑپ کئے۔ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا جبکہ ملزم عبیداللہ اور شفیق خان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث پائے گئے ۔
ملزموں سے 16 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد ہوئے۔گرفتار ملزم محمد رمضان، محمد رضا اور محمد علیم کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے ۔ ملزمان سے بھاری تعداد میں رجسٹرڈ کمپنیز کی جعلی پروڈکٹس برآمد ہوئے۔
ملزمان رجسٹرڈ کمپنیز کی جعلی پروڈکٹس کا سٹاک رکھنے اور فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے ۔ملزمان کو اوکاڑہ اور لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔



