فائرنگ کےمختلف واقعات میں میاں بیوی سمیت 5افرادقتل
کراچی میں ملزم نے گھر میں گھس کر میاں بیوی کو مار ڈالا ،سرگودھامیں فائرنگ سے 2کزن،چونیاں میں دوستوں کے ہاتھوں10ویں کا طالب علم قتل
کراچی،سرگودھا،چونیاں (ویب ڈیسک) کراچی میں نامعلوم شخص نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے میاں بیوی کو قتل کردیا اور فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ سہراب گوٹھ تھانے کے علاقےافغان بستی کچی آبادی میں پیش آیا، مقتولین کی لاشیں عباسی شہیدہسپتال منتقل کی گئیں جہاں ان کی شناخت 55 سالہ محمداعظم ولد حاجی عبدالغفوراور 40 سالہ گل بی بی زوجہ محمد اعظم کے نام سے کی گئی ہے۔مقتولین میاں بیوی کا آبائی تعلق افغانستان سے تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ مقتول کے بھائی عبدالہاشم نے میڈیا کو بتایا کہ گھر میں موجود چھوٹے بچے نے بتایا کہ ایک شخص نے اندر داخل ہو کر والدین پر فائرنگ کی۔ مقتول محمد اعظم نے دو شادیاں کی تھیں، پہلی بیوی افغانستان میں ہے جس سے اس کے 5 بچے ہیں۔
سرگودھاکے علاقے مراد وال میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو کزن نوجوانوں 15 سالہ حسن اور 17 سالہ رضوان کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے، بتایا جاتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار حملہ آور گاؤں ہریا سے آئے اور مراد چوک میں کھڑے نوجوانوں پر فائر کھول دیا۔پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئےہسپتال منتقل کر دیں اور مصروف تفتیش ہے۔چونیاں میں مبینہ طور پر دوستوں نے فائرنگ کرکے دسویں جماعت کے طالبعلم اسد سلیم کو قتل کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ اسد سلیم کو دو نامعلوم دوست رات گیارہ بجے گھر سے لے کر گئے ،صبح اطلاع ملی کہ اسد کی لاش پارک میں پڑی ہے۔مقتول کے والد سلیم نے بتایا کہ کہ دوستوں نے قتل کیا اورہاتھ میں پستول تھما دیا ۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔



