جماعت اسلامی کا بجلی، گیس ، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف دھرنوں کا اعلان
بجلی بلوں پر غیرمنصفانہ ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے، خیبر پختونخوا میں امن کیلئے وسیع جرگہ اور ڈائیلاگ شروع کر نا ہو گا ،25جولائی کو ”حق دو بلوچستان کو“ لانگ مارچ شروع کیا جائے گا: حافظ نعیم الرحمن
اسلام آباد:( سیاسی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں چوتھی مرتبہ ظالمانہ اضافہ کے خلاف20جولائی کو اسلام آباد اور تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرزمیں احتجاجی دھرنے ہوں گے، 25جولائی کو ”حق دو بلوچستان کو“ تحریک کوئٹہ سے لانگ مارچ کا آغاز ہو گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا ک کشمیر پالیسی کو جارحانہ انداز میں آگے بڑھایا جائے، کشمیر پر ایسی کسی ثالثی کو قبول نہیں کریں گے جو خطہ کے عوام کی خواہشات کے خلاف ہو۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اپنے مفادات کے لیے سب جمع ہو جاتے ہیں، سب مل کر فیصلہ کرلیتے ہیں کہ ہماری تنخواہوں میں 300 فیصداضافہ ہونا چاہیے، حکومت نے بجلی کی قیمت 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کم کر نے کا اعلان کیا لیکن حکومت نے قوم سے جھوٹ بولا اور یہ کمی نہیں کیا۔
حکومت ہر پندرہ دن بعد پٹرول کی قیمت میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور سلیب سسٹم کا نفاذ عوام سے دھوکہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سلیب سسٹم ختم کیا جائے اور بجلی بلوں پر غیرمنصفانہ ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔
عوام کے مسائل پر جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آواز موجود نہیں۔ پیٹرولیم ڈویژن کی ہدایات پر گیس کے کنویں بند کیے گئے، جس کے باعث ملک کو 1.5 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ آر ایل این جی کے معاہدے پاکستان کے مفادات کے خلاف کیے گئے، جن کی ذمہ داری سابق حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کو ہر محاز پر کشمیر پالیسی جارحانہ انداز میں آگے بڑھانی چاہیے۔ پاکستانی عوم ایسی کسی بین الاقوامی ثالثی کو قبول نہیں کریں گے جو کشمیری عوام کی خواہشات کے منافی ہو۔ امیر جماعت نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے لیے وسیع جرگہ اور ڈائیلاگ شروع کر نا ہو گا۔
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مسائل کے حل کے لیے جرگے منعقد کرے گی 25جولائی کو“بلوچستان حق دو”لانگ مارچ کا آغازکوئٹہ سے ہوگا، جو اسلام آباد کی طرف آئے گا، حکومت اس مارچ کو روکنے کی کوشش نہ کرے ورنہ حالات کنٹرول سے باہر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بتائے کہ سندھ کے کچے کے علاقے میں اسلحہ کیسے پہنچا،سندھ میں اقلیتی تاجروں کو اغوا کیا جاتا ہے پیپلزپارٹی کی حکومت کہاں ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کی جنگ جاری رکھے گی۔



