جی ایچ کیو حملہ کیس،عمرایوب، زرتاج ، مراد سعید، شبلی، حماد اظہرسمیت47مجرموں کو بھاری سزائیں
راولپنڈی: (ویب ڈیسک)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 118 مجرموں کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمرایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، شہباز گل، زلفی بخاری اور اعجاز خان جازی سمیت اشتہاری قرار دئیے گئے 47 مجرموں کو 10/10 سال قید اور 5 لاکھ روپے فی کس جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدالت نے مجرموں کی تمام جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے فیصلہ پراسیکیوشن کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد جاری کیا، 16 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالت نے قرار دیا سزا پانے والے مجرموں 9 مئی کے واقعات کی سازش میں ملوث پائے گئے۔
جوائنٹ انوسٹی گیشن (جے آئی ٹی) رپورٹ نے مجرموں کو پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث قرار دیا ، اس تناظر میں سزا پانے والے مجرموں جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم اور سکستھ روڈ میٹرو سٹیشن پر حملوں میں ملوث پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی نے سزا پانے والے مجرموں کو 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی ملزم قرار دیا اور مجرموں پر 9 مئی کے واقعات میں جھلا گھیرا، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔
پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی سیکشن 19/10 کے تحت درخواست دائر کی تھی جس میں مقدمے میں اشتہاری ہونے مجرموں کے خلاف کاروائی کی استدعا کی گئی تھی،عدالتی انکوائری میں 47 اشتہاری مجرموں کو دیدہ دانستہ مفرور قرار دیا گیا۔
انکوائری رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے اخبار میں اشتہار جاری کروایا، رواں سال 8 جنوری کو 47 مفرور مجرموں کا اشتہار جاری کیا گیا، عدالت نے اشتہاری قرار پانے والے مجرموں کو 7 دن کے اندر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا موقع بھی دیا لیکن واضح عدالتی احکامات اور اشتہار جاری ہونے کے باجود کوئی ملزم عدالت پیش نہیں ہوا جس پر عدالت نے اشتہاری مجرموں کاسٹیٹ کونسل مقرر کرکے چارج فریم کیا۔
پراسیکیوشن نے عدالت کے روبرو 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے جس کے بعد سٹیٹ کونسل نے استغاثہ کے گواہان پر جرح کی اس طرح 47 اشتہاری مجرموں کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے مجرموں کو 10/10 سال قید اور 5 لاکھ روپے فی کس جرمانے کی سزا سنادی ،عدم ادائیگی جرمانہ پر تمام مجرموں کو مزید 1/1 سال قید بھگتنا ہو گی۔
عدالت نے حکم دیا اگر مجرموں فیصلے کی تاریخ سے 2 ماہ کے اندر ازخود عدالت میں پیش ہوجائیں اور اپنی عدم حاضری کی معقول وجہ پیش کردیں تو انہیں شفاف ٹرائل کا ایک موقع دیا جاسکتا ہے۔
عدالت سے سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور شیخ راشد شفیق، شہباز گل، زلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضی، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی، فیصل مختار، خاور شہزاد، زاہد عباس چوہدری، ملک عابد حسین، علی حسنین اور عاصم رحمان سمیت دیگر مجرم شامل ہیں۔



