پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

کچے کے علاقے میں تاریخی کامیابی: مریم نواز کا راجن پور کو ڈاکوؤں سے مکمل پاک کرنے کا اعلان

لاہور ( سلمان حسین) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ ڈاکوئوں سے 100فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے، اب ہنی ٹریپ کے کیس ختم ہو جائیں گے۔ کچا میں آپریشن پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں نے ریاست کے اندر ایک ریاست بنائی ہوئی تھی اور خوف کا ماحول پیدا کر رکھا تھا، لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ء کر لیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا تھا کہ کچے میں آپریشن بہت مشکل ہے، ہم نے رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا، پاک فوج نے آپریشن کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کی، کچے کے علاقوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ایک ڈاکو کو ٹریک کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران جدید ترین سرویلنس اور ہیومن سرویلنس کا استعمال کیا گیا، ڈاکوئوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا، سندھ پولیس اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے بھی آپریشن میں بھرپور ساتھ دیا، رینجرز نے بھی پولیس کا ساتھ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ 100فیصد ڈاکوئوں سے کلیئر کرا لیا گیا ہے، حکومت کی رٹ ان علاقوں میں بحال ہو گئی ہے، اس آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، خوف کے علاقے سے قانون کی عملداری کا علاقہ بن گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہے، کچے کے ڈاکوئوں کے لیے اب کوئی جائے پناہ نہیں ہے، 500سے زائد ڈاکوئوں نے سرنڈر کیا ، الحمدللہ پنجاب اب محفوظ ہے۔ کچے کا علاقہ ڈاکوئوں سے پاک ہو گیا، راجن پور اور رحیم یار خان کے جزیرہ نما علاقے کلیئر کر لیے گئے، اب کچے کے علاقے میں سکول، کالج، ہسپتال اور ٹیوٹا کے ادارے قائم کیے جائیں گے، بہتر ٹرانسپورٹ کیلئے گرین بس سروس اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے لوگوں کیلئے اپنا کھیت اپنا روز گار کے تحت زرعی اراضی اور کسان کارڈ دینے کا فیصلہ کیا، ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹر بنائیں گے۔
مریم نواز نے چیف منسٹر پروگرام آف کچا ایریا ڈویلپمنٹ کیلئے 3رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی، سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ہوم سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساتھ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے کو وہ پیکیج دینا ہے جو پنجاب کے دوسرے علاقوں کو ملتا ہے، لوگوں کو اپنا کھیت، اپنا روزگار کے تحت کھیتی باڑی کیلئے سرکاری اراضی اور کسان کارڈ دیں گے، کچے کے لوگوں کی زندگیوں کو ترقی اور وسائل فراہم کرکے بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچا کے لوگ اپنے صوبے پر فخر کریں گے، کچے کے علاقے میں تعینات ہونے والے ڈاکٹرز، ٹیچرز کو سپیشل الائونس اور مراعات دی جائیں گی۔ مزید برآں مریم نواز نے ایکس میسج پر کہا ہے کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کی ادائیگی کے لئے اے ٹی ایم کارڈ کی ڈلیوری شروع کر دی گئی ہے۔
مریم نواز نے نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کے اجراء پر اظہار تشکر کیا ہے۔ رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 40لاکھ گھرانوں کو 40ارب روپے مالی امداد دی جائے گی۔ نہ لمبی قطاریں ، نہ مشقت، آسانی کے احساس کے ساتھ مالی امداد پہنچائی جائے گی ۔40لاکھ گھرانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کے تحت مالی امداد کی ادائیگی کا پورا نظام مکمل ڈیجیٹل او رشفاف ہوگا۔ پی آئی ٹی بی کے ڈیجیٹل رمضان نگہبان پیکیج میں ہر مرحلے پر شفافیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ رمضان نگہبان پیکیج کے متعلق معلومات کے لئے 08000-2345ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔ رمضان نگہبان پیکیج کے لئے ہر تحصیل میں 160خصوصی مراکز بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔
رمضان نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کی ایکٹی ویشن اور رقم کے حصول کے لئے صوبہ بھر میں برانچ لیس ایجنٹ اور آئوٹ لٹ بھی مقرر کر دئیے گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں کوئی فیملی خود کو تنہا محسوس نہ کرے، یہی ہمارا مشن ہے۔ رمضان کریم کی برکتیں ہر گھر کی دہلیز تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ رمضان المبارک میں راشن کارڈ کی مالی امداد ماہانہ 3ہزار سے بڑھا کر 10ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ مریم نوازنے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں نگہبان دسترخوان کے ذریعے روزانہ لاکھوں روزہ داروں کے لئے افطاری کا اہتمام کیا جائے گا۔ رمضان کریم کے دوران سہولت بازارو ں میں رعایتی نرخ پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button