کشمیر جلد آزادی کی صبح دیکھے گا ، فیلڈ مارشل عاصم منیر
مظفر آباد کا دورہ ، یادگار شہدا پر حاضری، اگلی صفوں پربھی گئے، تعینات جوانوں سے ملاقات، حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا
راولپنڈی ( ویب ڈیسک) سربراہ پاک فوج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر جلد آزادی کی صبح دیکھے گا، جو اہل کشمیر کی اجتماعی خواہش اور مقدر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مظفر آباد کا دورہ کیا اور جموں و کشمیر یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کشمیر تحریک کے شہدا کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کو سراہا۔ ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو میں عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بھارت کی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیریوں کے حوصلے نہیں توڑ سکی، ہندو توا پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد مزید مضبوط ہوئی ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا جو اہل کشمیر کی اجتماعی خواہش اور مقدر ہے، پاکستان عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے اٹھاتا رہے گا۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے اگلی صفوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے دورے کے دوران آپریشنل تیاریوں اور ہر سطح پر ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کشمیر میں تعینات افسروں اور جوانوں کے جذبے، پیشہ ورانہ معیار اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود فوج کا بلند حوصلہ قابل تحسین ہے، دشمن کے کسی بھی قدم کا فوری، موثر اور بھرپور جواب دیا جائیگا، پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔



