مریم نوازبچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پربرہم،16سالہ افرادکوڈرائیونگ لائسنس دینےکافیصلہ
وزیراعلیٰ کی امارات کے قومی دن پر مبار کباد، بنوں میں پولیس پر دہشتگردانہ حملہ کی شدید مذمت ، پہلے سرکاری آٹزم سکول میں داخلے کا آغاز
لاہور:(سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کوگرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت ٹریفک کے مسائل اور قوانین کی خلاف ورزی کے سدباب کیلئے اجلاس ہواجس میں 16سال کے بچوں کو سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کو عوام بالخصوص طلبہ کیلئے ہفتہ آگاہی منانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں وارننگ چالان ہوگا۔ ٹریفک کیلئے پہلی مرتبہ ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کم عمر طلبہ یا بچوں سے زیادہ والدین کو ٹریفک قوانین سے متعلق بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کیلئے بنائے جاتے ہیں۔
عوام کو اپنی حفاظت کیلئے عادتوں کو بدلنا ہوگا۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔ معصوم بچوں کو نہیں پکڑنا چاہتے مگرقانون کی پاسداری ضروری ہے۔ بچوں کا قصور نہیں ہم نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی۔ والدین بچوں کو روڈسیفٹی کیلئے ہیلمٹ کی اہمیت اور ضرورت سے آگاہ کریں۔ ٹریفک پولیس عوام کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھے، بداخلاقی اور بدتمیزی نہ کی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2445 پولیس گاڑ یاں قانون کی زد میں آئیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے بھائی بہنو اور بصیرت افروز قیادت کو قومی دن مبارکباد دی ۔ متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان وہ رہنما ہیں جنہوں نے وژن کو حقیقت اور حقیقت کو کامیابی میں بدل کر قیادت کا نیا عالمی معیار قائم کیا۔
متحدہ عرب امارات نے ثابت کیا کہ مستقبل انتظار نہیں کرتا اسے تخلیق کیا جاتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی خوشی آج ہماری بھی خوشی ہے کیونکہ بھائی کی مسرت، دل کی مسرت ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعلق ایک ایسی اخوت ہے جو سرحدوں کے پیمانے سے ماورا ہے۔ جب بھی پاکستان مشکل آیا متحدہ عرب امارات بھائی بن کر ہمارے ساتھ کھڑا رہا۔
متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کو محض روزگار نہیں دیا بلکہ اپنائیت اور عزت کا احساس بھی دیا۔لاکھوں پاکستانی متحدہ عرب امارات میں اپنی محنت اور صلاحیت سے برادر ملک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا رشتہ مستقبل میں بھی ترقی، تعاون اور بھائی چارے کے مزید باب رقم کرے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پاکستان کی تاریخ کے پہلے سرکاری آٹزم سکول میں داخلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر آف آٹزم میں بچوں داخلے شروع ہوچکے۔ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر آف آٹزم میں داخلہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا۔
آٹسٹک بچوں کے والدین کے لئے آن لائن رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔ آٹسٹک بچوں کے والدین autism.punjab.gov.pkپر رجسٹریشن فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر آف آٹزم میں 3 سے 5 سال کے آٹسٹک بچوں کیلئے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سیکشن قائم کیا گیا۔ 6 سے 12 سال کے بچے جونیئر اور 13 سے 16 سال کے بچے سینئر سیکشن میں پڑھیں گے۔ مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر آف آٹزم میں داخلہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 دسمبر مقررکی گئی ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے بنوں میں دہشتگردوں کے پولیس سکواڈ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی اور4 شہریوں کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعابھی کی۔



