لاہور (سلمان حسین) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو پانچواں وفاقی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کا وقت آ چکا ہے۔
مریم نواز نے ریلیف بجٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے، صنعتی اور زرعی ترقی کے اقدامات سے عام شہریوں کے لیے آسانیوں کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی بجٹ کے ذریعے ہر طبقہ معاشی ترقی کے سفر میں شامل ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں بچوں سے مشقت لینے کے رجحان کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بچے ان کی ریڈ لائن ہیں، بچوں پر تشدد یا کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو تعلیم، صحت اور کھیل کود کے مواقع فراہم کریں۔ مریم نواز نے کہا کہ مہذب اور باوقار معاشرے میں بچوں کے حقوق کا تحفظ بنیادی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں سمیت کسی بھی جگہ چائلڈ لیبر کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بچوں کے لیے منصفانہ مواقع فراہم کرنا اور نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت سماجی بہبود کے ادارے بچوں کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہر بچہ ہمارا مستقبل ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کے ہاتھوں میں اینٹ، پتھر اور لوہے کے بجائے کتاب اور لیپ ٹاپ ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ پروگرامز کے ذریعے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کیا جا رہا ہے، جبکہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی غذائی ضروریات، تعلیم و تربیت اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے حکومت پنجاب پُرعزم ہے۔ بچوں میں غذائی کمی کے خاتمے کے لیے پنجاب میں اسکول میل پروگرام بھی جاری ہے۔



