اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ اجلاس میں شرکت کی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے مصافحہ کیا۔
پیپلز پارٹی نے وضاحت کی ہے کہ پارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔
اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ بلاول بھٹو کو اپنے ہمراہ ایوان میں لے کر پہنچے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔
دریں اثنا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کرے گی اور جی بی میں پارٹی کا مینڈیٹ چھیننے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرکے تمام سوالات کے جوابات دوں گا۔



