لاہور (سلمان حسین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکٹرو بس عوام کا بنیادی حق ہے، کسی پر احسان نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں مرحلہ وار 1500 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ تلمبہ، میاں چنوں اور ضلع خانیوال کے دیگر علاقوں میں بھی جلد الیکٹرو بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
ضلع خانیوال کے ارکان اسمبلی سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جن میں عامر حیات ہراج، چوہدری ضیاء الرحمن، رانا محمد سلیم، اکبر حیات ہراج، رانا بابر حسین عابد، اسامہ فضل، اصغر حیات ہراج اور دیگر شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ضلع خانیوال اور گردونواح کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور ٹرانسپورٹ سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کیے گئے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
تلمبہ، میاں چنوں اور دیگر علاقوں میں بھی الیکٹرو بس سروس
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ تلمبہ، میاں چنوں اور ضلع خانیوال کے دیگر علاقوں میں بھی جلد الیکٹرو بس سروس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جدید ٹرانسپورٹ نظام کو صوبے کے تمام بڑے شہروں تک وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
"الیکٹرو بس عوام کا حق ہے”
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی ملاقات کر رہے ہیں
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خانیوال، جہانیاں اور کبیروالا سمیت دیگر شہروں میں الیکٹرو بس سروس عوام کا حق ہے، کسی کا احسان نہیں۔
انہوں نے کہا:
"الیکٹرو بس صرف ایک سفری سہولت نہیں بلکہ پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ کلچر کے آغاز کی علامت ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب مرحلہ وار صوبے بھر میں 1500 الیکٹرو بسیں متعارف کرانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
ارکان اسمبلی کا وزیراعلیٰ کو خراج تحسین
ارکان صوبائی اسمبلی نے ضلع خانیوال میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز اور ملتان۔وہاڑی روڈ کی تعمیر پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔
عامر حیات ہراج نے کہا کہ خانیوال کے عوام جدید ترین بس سروس فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
رانا محمد سلیم نے کہا کہ الیکٹرو بس منصوبہ ضلع خانیوال میں جدید ٹرانسپورٹ نظام کی بنیاد ثابت ہوگا۔
اکبر حیات ہراج کا کہنا تھا کہ کبیروالا اور گردونواح کے عوام کے لیے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ چوہدری ضیاء الرحمن نے کہا کہ جہانیاں کے عوام بھی الیکٹرو بس منصوبے پر وزیراعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔
خالق آباد۔تلمبہ روڈ کے پل کی تعمیر کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب نے خالق آباد۔تلمبہ روڈ ایس ایم لنک پر واقع شکستہ پل کی جلد تعمیر اور مرمت کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ عوام کو سفری مشکلات سے نجات مل سکے۔
فیصل آباد واقعہ پر اظہار افسوس
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ماں، بیٹے سمیت تین افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت "اپنا گھر، محفوظ گھر” اسکیم کے ذریعے خستہ حال گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔



