پاکستانی بائولرز کی پٹائی،بنگلہ دیش کے4وکٹوں پر 301رنز،محسن نقوی کی بھی سٹیڈیم میں انٹری

لاہور،ڈھاکہ:(سلمان حسین،ویب ڈیسک)پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلادیشی بلے بازوں نے اپنی جم کر بیٹنگ کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
میرپور ڈھاکا میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو ابتدائی 2 وکٹیں 31 رنز پر گر گئیں۔
محمود الحسن جوئے 8 اور شادمان اسلام 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم مومن الحق نے کپتان نجم الحسن شنتو کے ہمراہ تیسری وکٹ پر 170 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکال دیا۔
نجم الحسن شنتو 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مومن الحق (91)نے مشفق الرحیم کے ہمراہ چوتھی وکٹ پر 75 رنز کی مزید شراکت قائم کی۔
کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنالیے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی، شاہین آفریدی، محمد عباس اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گھٹنے کی انجری کے باعث بابر اعظم اس میچ کے لیے پاکستان ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ سلہٹ میں 16 مئی سے شروع ہو گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی 2 روزہ دورے پر ڈھاکا پہنچ گئے ہیں۔

محسن نقوی نے شیر بنگلا اسٹیڈیم ڈھاکا میں پاکستان اور بنگلادیشن کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل دیکھا اور بی سی بی آفیشلز سے ملاقات کی۔
بنگلہ دیش پہنچنے پر بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ اسد عالم صائم، سیکریٹری داخلہ ابو نعیم اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بنگلادیش کرکٹ بورڈ ناظم الدین نے محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر بنگلادیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ڈھاکا اسٹیڈیم بھی گئے، جہاں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ تمیم اقبال نے ان کا استقبال کیا۔
محسن نقوی کے ہمراہ بنگلادیشی وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے بھی میچ دیکھا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔



