پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا بیرون ملک پاکستانیوں کی بہبود، مون سون تیاری اور دانش سکولوں کی تکمیل تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں اور اقدامات میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنی محنت سے کمائی رقم پاکستان بھیج کر ملکی معیشت اور زرمبادلہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا اور منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف افضال بھٹی نے ملاقات کی، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کو اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح کے لیے فاؤنڈیشن کے جاری منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے او پی ایف کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جامع حکمت عملی مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔


مون سون اور سیلابی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مون سون سیزن کی پیشگی تیاری کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک ہونے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت مون سون سیزن کی تیاری، موسمیاتی خطرات اور ماحولیاتی تحفظ کے نظام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے قومی سطح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ ضروری ہے۔


مون سون کیلئے ایمرجنسی رسپانس کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی نگرانی میں این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ وزارتوں پر مشتمل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی فنڈ کے قیام کی تیاری بھی مکمل کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے راستوں اور سیلابی گزرگاہوں میں تجاوزات سمیت دیگر مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔


آبی منصوبوں کیلئے 330 ارب روپے اضافی مختص

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی آبی تحفظ اور سلامتی کے لیے وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں آبی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے 330 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو مکمل ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔


دانش سکولوں اور یونیورسٹی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم نے ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے قیام کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے قوم کے روشن مستقبل کے لیے اہم سرمایہ کاری ہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق اجلاس میں منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس قائم کیا جائے جبکہ دانش سکولوں اور یونیورسٹی میں تدریسی و دیگر عملے کی بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں۔

انہوں نے دانش سکول منصوبوں پر تیز رفتار پیشرفت پر وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ٹیم کو سراہا۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button