اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور، قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر، وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری محمد یاسین سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
آزاد کشمیر انتخابات کیلئے کارکنوں کو متحرک ہونے کی ہدایت
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کا بگل بج چکا ہے، پارٹی کارکن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کا سفر مزید آگے بڑھائے گی۔
عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت
چیئرمین پیپلز پارٹی نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام سے روابط مزید مضبوط کیے جائیں اور پارٹی کے نظریے اور پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی فلاح و بہبود، گڈ گورننس، شفافیت اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی یہ جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔



