پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادب

ہر بچے کو تعلیم کی فراہمی ریاست کیلئے بڑا چیلنج : سپیکر پنجاب اسمبلی

پنجاب میں تعلیم کا بجٹ 17ارب سے بڑھا کر 46ارب کر دیا گیا، ملک محمد احمد

لاہور ( بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ہر بچے کو تعلیم کی فراہمی ریاست کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اڑھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں تاہم موجودہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی بجٹ مختص کیا ہے اور تعلیم کا بجٹ 17ارب روپے سے بڑھا کر 46ارب روپے کر دیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سپیکر نے ملتان میں نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025ء میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں 97فیصد بچے زیرِ تعلیم ہیں لیکن سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اخراجات میں واضح فرق موجود ہے، جس کے باعث سرکاری اداروں کے طلبہ کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے، تعلیمی سہولیات میں اضافہ کرنے اور اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور نجی تعلیمی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ تعلیمی مساوات کے فروغ کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ حاصل کی گئی تعلیم کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔ قبل ازیں سپیکر نے کانووکیشن میں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور اسناد تقسیم کیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button