لاہور (سلمان حسین) شائقینِ کرکٹ کا طویل انتظار ختم ہونے کو ہے، پاکستان سپر لیگ (PSL 11) کا میلہ کل سے سجنے جا رہا ہے، تاہم خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث ایونٹ کو محدود پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اس حوالے سے لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کہا کہ قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے لیگ کے انتظامات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ انہوں نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دینا ہوتی ہے، آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بنے گی۔”
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ PSL اب ایک عالمی سطح کا برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید ترقی دی جائے گی۔
دوسری جانب لیگ میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں اور کوچز کی پاکستان آمد کا سلسلہ مکمل ہو چکا ہے۔ ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈیون کانوے اور مارک چیپمین بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں، جنہوں نے اردو میں مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں میں تبریز شمسی، جوش فلپ، پیٹر سڈل اور کوچ ٹم پین بھی شامل ہیں، جو اپنی ٹیموں کے ہمراہ پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
کراچی کنگز کا اسکواڈ بھی لاہور میں اکٹھا ہو چکا ہے، جبکہ جنوبی افریقی بیٹر ریزا ہینڈرکس کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ نوجوان کھلاڑی ہارون ارشد بھی اپنی شاندار کارکردگی کے باعث ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
پی ایس ایل 11 کے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں شعیب ملک پہلی بار اردو کمنٹری ٹیم میں شامل ہوں گے۔
اسی دوران پشاور زلمی نے سیزن 11 کا نیا ترانہ "زمونگ زلمی” بھی جاری کر دیا ہے۔
تقریب میں PSL 11 کی ٹرافی کی رونمائی اور آفیشل ترانے کی لانچنگ بھی کی گئی، جبکہ اس موقع پر فرنچائز مالکان، ٹیم کپتانوں، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور بین الاقوامی کرکٹرز نے شرکت کی۔
سیاسی و حکومتی شخصیات میں وفاقی وزراء، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور دیگر اہم عہدیداران بھی تقریب میں شریک ہوئے۔



