
لاہور ( سلمان حسین ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 11کے 35ویں میچ میں کراچی کنگز نے خوشدل شاہ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں پر 199رنز بنائے۔عبداللہ شفیق 62اور فخر زمان61رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے معین علی نے 2،حسن علی اور رضوان اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں کراچی کنگز نے 200رنز کا ہدف خوشدل شاہ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 18.4اوورز میں 5وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے جیسن روئے 9، ریز ا ہینڈرکس 10اور سلمان آغا 14رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ معین علی نے 17گیندوں پر 39رنز بنائے۔ اعظم خان 14رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ کریز پر آئے اور شاہین آفریدی کے 18ویں اوور میں 23رنز اور اگلے اوور میں حارث رئوف کی 4گیندوں پر 14رنز بناکر ٹیم کو 8گیندوں قبل فتح دلا دی۔ خوشدل شاہ نے صرف 14گیندوں پر 5چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 44رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جبکہ کپتان ڈیوڈ وارنر 63رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
اس فتح کے بعد کراچی کنگز ،لاہور اور حیدرآباد کے ساتھ پلے آف کی دوڑ میں شامل ہو گئی۔ پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو پشاور زلمی 17اور ملتان سلطانز 12پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 9پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ حیدرآباد، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز 8،8،8پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
اس سے قبل سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں مسلسل 8میچز میں شکست کے بعد راولپنڈیز پہلی جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6وکٹوں سے ہرا دیا۔
راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20اوورز میں 137رنز پر آل آئوٹ ہو گئی۔ ڈیون کونوے 40رنز بناکر نمایاں رہے۔ جواب میں راولپنڈیز نے 138رنز کا ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان نے 45، کامران غلام نے 42اور ڈیرل مچل32رنز بناکر ناٹ آئوٹ بنائے۔



