پاکستان ایجو کیشنل اینڈ کلچرل بورڈ کا اعزاز ایتھرا ایوارڈ دوھزار پچیس گولڈ کیٹیگری اپنے نام کر لی
سی ڈی اے کی ڈائریکٹر جنرل حصہ بنت عیسی بو حمید نے ایوارڈ سے نوازا
دبئی (حافظ زاہد علی )کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) دبئی کے زیرِ اہتمام ایتھرا ایمپاورمنٹ پروگرام برائے غیر منافع بخش ادارے کے دوسرے مرحلے میں پاکستان ایجوکیشنل اینڈ کلچرل بورڈ (PECB) کو شاندار کارکردگی اور نمایاں سماجی خدمات کے اعتراف میں گولڈ کیٹیگری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ باوقار تقریب بدھ، 17 دسمبر 2025 کو ایمریٹس ٹاورز، دبئی میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستان ایجو کیشن اکیڈمی کی پرنسپل شمائلہ احمد اور پرنسپل انگلش لینگویج سکول دبئی محمد عاطف بھی موجود تھے
گولڈ کیٹیگری اُن اداروں کو دی جاتی ہے جو خدمات کے اعلیٰ معیار، پائیدار نظم و نسق اور ترجیحی طبقات کو مکمل اور مربوط سہولیات کی فراہمی میں امتیازی مقام رکھتے ہوں۔ یہ اعزاز محترمہ حِصہ بنت عیسیٰ بوحُمید، ڈائریکٹر جنرل کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، نے پیش کیا۔ اپنے کلیدی خطاب میں انہوں نے کمیونٹی شراکت، سول سوسائٹی کے فروغ اور سماجی ترقی میں غیر منافع بخش اداروں کے کردار کو دبئی اور متحدہ عرب امارات کے قومی وژن کا اہم ستون قرار دیا۔

یہ ایوارڈ پی ای سی بی کی جانب سے چیئرمین حسن ہوکل اور وائس چیئرمین راشد اشرف نے وصول کیا، جبکہ اس موقع پر پی ای سی بی کے تحت قائم دونوں تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے، جن میں پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی کی پرنسپل محترمہ شمائلہ احمد اور انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول کے پرنسپل محمد عاطف شامل تھے۔
تعلیم کے فروغ اور سماجی خدمات کے حوالے سے اپنی ہر ممکن کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے ،حسن ہوکل،راشد اشرف
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ایجوکشنل اینڈ کلچرل بورڈ حسن ہوکل نے کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایتھرا پروگرام جیسے اقدامات نہ صرف غیر منافع بخش اداروں پر عوامی اعتماد کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ اداروں کو اپنی خدمات کے معیار کو مسلسل بہتر بنانے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز دبئی حکومت کے اُس وژن کی عملی مثال ہے جس کے تحت سماجی ترقی، شمولیت اور پائیدار کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو ترجیح دی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی پی ای سی بی کی قیادت، بورڈ آف گورنرز، انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، جبکہ طلبہ، والدین، رضاکاروں اور کمیونٹی کے تعاون نے اس سفر کو مزید مضبوط بنایا۔

واضح رہے کہ ایتھرا پروگرام دبئی حکومت اور عزت مآب حکمرانِ دبئی کے وژن کے مطابق سماجی بہبود، ادارہ جاتی شفافیت اور کمیونٹی سروس کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ پی ای سی بی کا گولڈ کیٹیگری میں منتخب ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ ادارہ دبئی کی سماجی ترقیاتی حکمتِ عملی کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر تعلیم اور کمیونٹی سروس کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
پی ای سی بی کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ آئندہ بھی دبئی حکومت کے وژن، رواداری، ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت اپنی تعلیمی و سماجی خدمات کو مزید وسعت دے گا اور کمیونٹی کی خدمت کو اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کے ساتھ جاری رکھے گا



