
لاہور،مظفر آباد:( ویب ڈیسک)پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ہفتہ کے روز مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال دیکھنے میں آئی بازار، دکانیں، بینک اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ شہر کی سڑکیں سنسان دکھائی دیں۔ ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہی اور شہر کے مختلف مقامات پر ایف سی اور مقامی پولیس کے اہلکار تعینات رہے۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 21 انتخابی نشستوں پر پولنگ آج ہوگی، الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 21 نشستوں پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار621 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار مدِمقابل ہیں، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
مظفرآباد ڈویژن میں 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئےہیں۔ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر 8، حساس پولنگ سٹیشنز پر 6 جبکہ نارمل پولنگ سٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ضلع مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ لاہور میں مہاجرین کی 2نشستوں پر پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گی۔
لاہور میں 2مہاجرین کی نشستوں ایل اے 41ویلی ٹو اور ایل اے 34جموں ون پر الیکشن ہوگا، ایل اے 34جموں ون لاہور میں پانچ ہزار نو سو 65ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ اس نشست کے کل 17امیدوارمیدان میں ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر حسین ڈار ،استحکام پاکستان پارٹی کےبلال مختار بٹ، پیپلز پارٹی کےچوہدری عبدالقادر چوہان، جماعت اسلامی کےراجہ محمد سہیل ہیں۔ایل اے 34میں مجموعی طور پر 25پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 15لاہور میں ہوں گے۔
ایل اے 41ویلی ٹو لاہور میں 6410رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، یہاں 9امیدوار مدمقابل ہیں، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عامر شاہ، پیپلز پارٹی کی جانب سےغلام عباس، استحکام پاکستان کے سعید احمد ڈار اور جماعت اسلامی کے منظور احمد میدان میں ہیں۔
ایل اے 41میں لاہور میں 13پولنگ سٹیشنز، شیخوپورہ میں 4، ننکانہ میں ایک اور قصور میں ایک پولنگ سٹیشن قائم ہوگا۔مہاجرین کی تین نشستوں پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں پولنگ ہوگی۔ایل اے 39جموں 6،ایل اے 43ویلی 4اور ایل اے 44ویلی 5پر استحکام پاکستان پارٹی،مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی،جماعت اسلامی اورمسلم کانفرنس کے امیدوار مدمقابل ہیں۔
ایل اے 39جموں 6کے لیے 155 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں،اس حلقے میں چکوال، جہلم، اٹک، پشاور اورتلہ گنگ شامل ہیں،ایل اے 43 کے لیے 10 اور ایل اے 44 کے لیے 27 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ مہاجرین جموں و کشمیر کی ضلع نارووال میں نشست ایل اے 37جموں 4میں کل ووٹرز کی تعداد111203ہے ۔اس حلقہ میں کل185پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کی امیدوارمریم جاوید،جموں کشمیر یونائیٹڈ مومنٹ کے امیدوار عثمان علیم المعروف مسلم بھائی اور جماعت اسلامی کے امیدوار صوفی محمد اقبال کے درمیان ہے۔ مریم جاوید کی انتخابی مہم میں انکے سسر سابق ایم این اے میاں محمد رشید،وفاقی وزیر احسن اقبال،پارلیمانی سیکرٹری انوار الحق سمیت مسلم لیگ (ن) کے ایم پی ایز،سابق ایم ایل ایز اور عہدیدار پیش پیش ہیں۔
مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے نوجوان مسلم بھائی کو سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز، ایم پی اے محمود سنگراں،پیر آف مراڑا شریف اور مرکزی مسلم لیگ سمیت اینٹی (ن) لیگ کے ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی کی امیدوار شاہین کوثر ڈار،مسلم کانفرنس کے امیدوار صداقت اﷲ خان اور آزاد امیدوار اسما صادق مغل سمیت دیگر امیدوار بھی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔کالعدم ایکشن کمیٹی کے کورممبرراجہ سعید امجد نے مظفرآباد ڈویژن کے عوام سے الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔



