سانحہ سورنج مائن،پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کی امدادی کارروائیوں میں معاونت
عبدالستار ، شاہ علی بگٹی، منظور بلوچ، عبدالحلیم خان، قاسم، محمد زمین پرمشتمل وفد نے میتیں شانگلہ روانہ کیں،سلطان محمد خان کی خصوصی ہدایت پر لواحقین کی مالی امداد

کوئٹہ:( نیوز رپورٹر)پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن( پی سی ایم ایل ایف)اورآل پاکستان لیبر فیڈریشن (اے پی ایل ایف )کے اراکان پر مشتمل وفدنے سورنج کان دھماکہ میں جاں بحق کان کنوں کی میتیں وصول کرنے میں بھرپور معاونت کی۔
وفد کے ارکان میں عبدالستار ، شاہ علی بگٹی، منظور احمد بلوچ، عبدالحلیم خان، محمدقاسم، محمد زمین سمیت دیگر ارکان شامل تھے،وفد نے نہ صرف کوئٹہ سے تقریباً چالیس کلومیٹر مشرق کی جانب واقع سورنج کے علاقے سپین کاریز کول فیلڈ میں علی بھائی مائن میںہونے والے دھماکے میں جاں بحق کان کنوں کی ڈیڈ باڈیز ریسکیو کرنے کے عمل میں معاونت کی بلکہ بعد ازاں ہسپتال میں مائن مزدوروں کی ڈیڈ باڈیز کو ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقے شانگلہ روانہ کرنے میں بھی مدد کی ۔

پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان کی خصوصی ہدایت پر سورنج مائن حادثے میں جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کی مالی مددبھی کی جا رہی ہے۔
پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین عبدالستا ر ،صوبہ بلوچستان کے چیئرمین محمد زمین ، ایجوکیشن سیکرٹری عبدالحلیم خان، محمدقاسم ، آل پاکستان لیبر فیڈریشن بلوچستان کے صدر شاہ علی بگٹی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات منظور احمد بلوچ پر مشتمل وفد نے چیف انسپکٹر آف مائنز محمد عاطف ہزارہ، کوئلہ کان کنوں، انجینئرز سمیت دیگر متعلقہ افراد سے ملاقاتیں کیں اورحادثے، امدادی کارروائیوں اور کانوں میں حفاظتی اقدامات سے متعلق براہ راست معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پرمقامی نمائندوں اور حکام کے ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیاتاکہ حفاظتی معیار کو بہتر اور ریسکیو نظام کوفعال بنایا جائے ۔اے پی ایل ایف اور پی سی ایم ایل ایف کے عہدیداروں نے اس المناک سانحے پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اے پی ایل ایف اور پی سی ایم ایل ایف کے عہدیداروں پر مشتمل وفد نے حکومت سے مطالبات کیے ہیں کہ پاکستان کے تمام کان کنوں کیلئے فوری طور پر موثر حفاظتی اور صحت کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
مائنز میں تحفظ اور صحت سے متعلق انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے کنونشن-C 176 کی فوری توثیق اور اس پر عملدرآمد کیا جائے،سانحہ سورنج میں ہلاک اور زخمی ہونے والے کان کنوںکے خاندانوں کو مناسب معاوضہ اور مالی امداد فراہم کی جائے،سپین کاریز کوئلہ کان سانحے کی شفاف اور آزادانہ عدالتی تحقیقات کرائی جائیں،تمام کوئلہ کانوں میں معائنہ جاتی نظام اور ہنگامی امدادی و ریسکیو سہولیات کو مزید موثر بنایا جائے۔اے پی ایل ایف اور پی سی ایم ایل ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کان کنوں کے حقوق، تحفظ اور وقار کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اس وقت تک کھڑے رہیں گے جب تک انہیں انصاف فراہم نہیں کیا جاتا اور کان کنی کے شعبے میں موثر اصلاحات نافذ نہیں کی جاتیں۔
فوٹو کیپشن:
سورنج مائن حادثے کے موقع پر پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن اورآل پاکستان لیبر فیڈریشن کے اراکان پر مشتمل وفد عبدالستار ، شاہ علی بگٹی، منظور احمد بلوچ، عبدالحلیم خان، محمدقاسم، محمد زمین دھماکے میں ہلاک ہونے والے کان کنوں کی ڈیڈ باڈیز ریسکیو کرنے کے عمل میں معاونت اور بعد ازاں ہسپتال میں مائن مزدوروں کی ڈیڈ باڈیز کو ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقے شانگلہ روانہ کررہے ہیں



