فیصل آباد، جھنگ، کامونکے، نارنگ منڈی چونیاں، الہ آباد، سرگودھا ( ویب ڈیسک) جھنگ روڈ پر بس اور مسافر وین میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 14افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ فیصل آباد روڈ کلی فقیر کے قریب پیش آیا، جہاں وین مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی، 16افراد شدید زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122کی جانب سے ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 10زخمیوں کی طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ 6افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے فارغ کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ادھر کامونکے میں تھانہ ایمن آباد کے علاقہ کچا ایمن آباد روڈ پر 20سالہ نوجوان موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہوکر ٹریکٹر ٹرالی کے ساتھ ٹکرا گئی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ دوسرے حادثہ میں جہلم سے لاہور جانیوالی مسافر کوچ جب او کے فلور ملز کے قریب پہنچی تو اچانک اس کا گیئر بکس کھل گیا اور سٹیئرنگ فری ہونے سے کوسٹر آگے منی مزدا کے ساتھ ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور کے علاوہ یاسر عباسی، طاہر اقبال، اسامہ اور خنسہ بی بی شدید زخمی ہوگئے۔
ادھر چونیاں میں برادرز شوگر ملز کے قریب تیز رفتاری کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں چار نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
18سالہ اویس اور 20سالہ عمران کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں فوری طور پر لاہور ریفر کر دیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ ادھر سرگودھا میں تیز رفتار ڈمپر کے بے قابو ہو کر کھڑے ڈمپر کو ٹکر میں 70سالہ شخص جاںبحق اور دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ مزید برآں مریدکے نارووال روڈ پر بوڑھے اوٹھ کے قریب ٹرالے کے نیچے آکر قلعہ ستار شاہ کا رہائشی مزدور آصف جاں بحق ہو گیا۔ لاش ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔



