لاہور ( بیورو چیف /سید ظہیرنقوی) عید الاضحیٰ سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے قیدیوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ نے قیدیوں کی سزا میں 90دن کی خصوصی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں قید 450قیدی اس خصوصی رعایت سے مستفید ہوں گے، جبکہ 270 قیدیوں کی رہائی ممکن ہو پائے گی جو عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے۔
حکم نامے کے مطابق سزا میں کمی پاکستان پریزن رولز 1978کے رول 216کے تحت کی گئی ہے۔ تاہم یہ رعایت مخصوص نوعیت کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں کو نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ دہشتگردی، فرقہ واریت، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے۔ اسی طرح جاسوسی، قتل، زنا، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا کے مجرم، مالی غبن، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدی بھی مستفید نہیں ہونگے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام قیدیوں کی فلاح و بہبود اور عید کے موقع پر ان کی اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔



