پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں:جاپانی سفیر
گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول راڈھو جوکھیوگڈاپ کی افتتاحی اور حوالگی تقریب سے جاپانی سفیر کا خطاب
کراچی :(سٹاف رپورٹر)جاپانی حکومت صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں میں لڑکیوں کے 20 پرائمری سکولوں کو ایلیمنٹری سکولوں کا درجہ دینے میں معاونت کر رہا ہے، اس سلسلے میں سندھ کے دیہی علاقوں میں لڑکیوں کے پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری اسکولوں کا درجہ دینے کے منصوبے کی افتتاحی اور حوالگی کی تقریب گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول راڈھو جوکھیو، یونین کونسل گڈاپ میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی ، جائیکا پاکستان آفس کے چیف نمائندے شینوزاکی یوسوکے، مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ ، سندھ حکومت کے وزیر برائے تعلیم و خواندگی سید سردار علی شاہ ،محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی (سندھ حکومت) کے نمائندگان سمیت اساتذہ، طلبہ، والدین، منصوبے سے وابستہ افراد اور دیگر متعلقہ فریقین نے شرکت کی۔
اس منصوبے کے تحت، جاپان کی حکومت نے سندھ کے دیہی علاقوں میں لڑکیوں کے 20 پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری اسکولوں میں اپ گریڈ کرنے کیلئے 1686 ملین جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کی، اس منصوبے کے ذریعے 60 کلاس رومز کو بہتر اور توسیع دی گئی، جس سے لڑکیوں کیلئے تعلیم کا ایک محفوظ اور سازگار ماحول پیدا ہوا ، اپ گریڈ شدہ اسکولوں سے سالانہ تقریباً 2400 لڑکیوں کو فائدہ پہنچتا ہے کیونکہ یہ انہیں اپنی مقامی برادریوں کے اندر ہی تعلیم جاری رکھنے کے قابل بناتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو نے پاکستان کے شعبہ تعلیم، بالخصوص پسماندہ علاقوں میں لڑکیوں کیلئے تعلیمی مواقع کو فروغ دینے میں جاپان کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ جاپانی سفیرنے امید ظاہر کی کہ بہتر تعلیمی سہولیات مزید لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کریں گی کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور اپنی برادریوں میں مثبت کردار ادا کریں۔
جائیکا پاکستان آفس کے چیف نمائندے شینوزاکی یوسوکے نے سندھ حکومت، منصوبے کی ٹیم، مقامی برادری اور ان تمام متعلقہ افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے کی کامیاب تکمیل میں اپنا حصہ ڈالا۔ شینوزاکی نے کہا کہ اپ گریڈ شدہ اسکول طالبات کو بہتر سہولیات اور سیکھنے و آگے بڑھنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کریں گے،جاپان اور جائیکا پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور تعلیم کے ذریعے سب کی شمولیت پر مبنی اور پائیدار ترقی کی حمایت کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
فوٹو کیپشن:



