ایتھوپیا:باراتیوں کو لے کر جانے والا ٹرک دریا میں جاگرا،71 ہلاک
ادیس ابابا:(ویب ڈیسک ) ایتھوپیا میں باراتیوں کو لے کر جانے والا ٹرک دریا میں گر گیا ، المناک حادثے میں 71 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ادیس ابابا میں باراتیوں کو لے جانے والا ٹرک تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دریا میں جا گرا ، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں ۔
ریجنل کمیونیکیشن بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ بونا ضلع میں پیش آیا، چیف انسپکٹر ڈینیئل سانکورا کے حوالے سے فیس بک پوسٹ میں سداما پولیس کمیشن ٹریفک پریوینشن اینڈ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ حادثے میں اب تک 68 مرد اور 3 خواتین کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ بونا جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سداما ریجنل ہیلتھ بیورو کی جانب سے شیئر کی جانے والی دھندلی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک گاڑی کے ارد گرد موجود ہے، جو جزوی طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی ہے اور بہت سے لوگ بظاہر اسے پانی سے نکالنے میں مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیورو کی جانب سے شیئر کی گئی دیگر تصاویر میں لاشیں زمین پر پڑی دکھائی دے رہی ہیں، جن میں سے کچھ نیلے رنگ کے ترپال میں ڈھکی ہوئی ہیں۔



