جوہانسبرگ(ویب ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم نے پروٹیز کے خلاف چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں تالک ورما اور سنجو سیمسن کی جارحانہ سینچریوں اور 210 رنز کی شراکت کی مدد سے ایک وکٹ کے نقصان پر جنوبی افریقہ میں 283 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر موجود ہے، جہاں جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سورماؤں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو نہایت سود مند ثابت ہوا۔جنوبی افریقہ کے باؤلرز بھارتی بیٹرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور 20 اوورز میں صرف ایک ہی وکٹ حاصل کر پائے، جب چھٹے اوورز کے اختتام پر 71 رنز کے مجموعے پر لتھو سپاملا نے ابھیشیک شرما کا شکار کیا، جو 18 گیندوں پر 36 رنز بناسکے۔اس کے بعد سے بھارتی بیٹرز نے گراؤنڈ کے چاروں جانب خوبصورت شارٹ کھیلے، تالک ورما اور سنجو سیمسن نے بھارت کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 210 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی۔اوپنر آنے والے سنجو سیمسن نے 56 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اسی طرح دوسرے اینڈ پر موجود تالک ورما نے اس سے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 120 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 10 بُلند چھکے اور 9 باؤنڈریز شامل تھیں۔
اس کے ساتھ ہی سنجو سیمسن کے بعد بھارت کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں لگاتار سینچری بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔یہ تیسرا موقع ہے جب ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کی ایک اننگز میں دو بیٹرز نے سینچریاں اسکور کی ہیں، اس سے قبل 2022 میں چیک ریپبلک بمقابلہ بلغاریہ اور 2024 میں جاپان بمقابلہ چین کے درمیان ٹی 20 میچ کی ایک ہی اننگز میں 2 سینچریاں بنائی گئی تھیں۔اس طرح بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کھو کر 283 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا، یہ جنوبی افریقہ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 284 رنز کا ہدف ملا، تعاقب میں پروٹیز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور محض 10 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی واپس پویلین لوٹ گئے۔



