پاکستان نے بی سی سی آئی کو بارڈر قوانین میں نرمی کے حوالے سے آگاہ کر دیا، ذرائع
لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اس حوالے سے حکومت پاکستان نے بھی بڑی تعداد میں بھارتی فینز کو ویزا دینے کی تیاری مکمل کر لی۔ ذرائع کے مطابق میچز دیکھنے والے فینز کو بڑی تعداد میں ویزے دیئے جائیں گے اور انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جائے گا۔ پاکستان نے بی سی سی آئی کو بارڈر قوانین میں نرمی کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے، ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کے شائقین کو آئی سی سی قوانین کی روشنی میں ویزے جاری کئے جائینگے۔ دوسری طرف بھارت پاکستان نہ آنے پر بضد ہے جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو پیسوں کی پیشکش کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے تحریری طور پر آئی سی سی کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا، بھارت بورڈ نے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں پاکستان نہ جانے کی بے بنیاد وجوہات بیان کی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق انڈین بورڈ کو ٹیم کے پاکستان نہ جانے کی ٹھوس وجوہات دینا ہوں گی، آئی سی سی کو وجوہات کا جائزہ لے کر بھارت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنا ہو گا۔ پاکستان نہ جانے کی وجوہات جائز نہ ہوئیں تو بھارتی ٹیم کو آنے کا کہا جائے گا، بھارت نہ مانا تو چیمپئنز ٹرافی میں 9ویں ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50کروڑ ڈالر کا نقصان ہو گا، آئی سی سی نے ٹرافی کے نشریاتی حقوق، اشتہارات اور سپانسر شپ سے کمائی کرنی ہے، پاک بھارت میچز نہ ہونے سے انڈین بورڈ کے نقصان کا تخمینہ 10کروڑ ڈالر ہے۔ مزید برآں بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ہماری ٹیم دورہ نہیں کرے گی۔ بھارتی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بورڈ اپنے موقف پر قائم ہے ہندوستانی حکومت ہمیں ہدایت دے گی تو ہی جاسکتے ہیں لیکن انکار پر ہم نے آئی سی سی کو جواب دے دیا ہے۔



