لاہور:(سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایتھلیٹ،جرنلسٹ مونا خان اور کوچ محمد یوسف نے ملاقات کی۔ ایتھلیٹ مونا خان کو 42.2 کلو میٹر طویل لندن میراتھن 2025 کو مکمل کرنے کا اعزاز حاصل ہے،ایتھلیٹ مونا خان اورکوچ محمد یوسف نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو گولڈ میڈل پیش کیا۔
وزیراعلی نے ایتھلیٹ مونا خان اور کوچ محمد یوسف کو پانچ،پانچ لاکھ روپے کے چیک دئیے،وزیراعلی مریم نواز شریف نے مونا خان کی درخواست پر ٹی شرٹ پر دستخط کئے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کررہی ہے۔
پاکستان کے ایتھلیٹس اور کھلاڑی دنیا بھر کے میدانوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کھیلتا پنجاب پروگرام شروع کیا ہے۔حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
حکومت پنجاب کا اولین مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں کی طرف لے کر آنا ہے۔ صوبے میں منعقدہ پہلی پنک گیمز میں 1300 خواتین پلیئرز نے حصہ لیکر ریکارڈ قائم کیا۔ پنک گیمز کی انعامی رقم 50لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی ہے۔ خواتین کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے موافق ماحول اور سہولیات مہیاکریں گے۔
ایتھلیٹ،جرنلسٹ مونا خان نے کہاکہ پنجاب کی بیٹی نے سندھ کی بیٹی کو بے مثال عزت دی۔سندھ کی بیٹی کو پنجاب بلا کر عزت افزائی کی اورحوصلہ بڑھایا۔اپنا میڈل وزیراعلی مریم نواز شریف سے منسوب کرتی ہوں۔
علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے پاکستان کے قومی جانورمارخور کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ آج ہم فخر سے پاکستان کے قومی جانور مارخور کادوسرا عالمی دن منا رہے ہیں۔اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا مقصد مارخور اورجنگلی حیات کا تحفظ ہے۔ ہم سب عہد کرتے ہیں کہ نہ صرف مارخور بلکہ ان تمام انواع کے تحفظ کے لئے مل کر کام کریں گے۔پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلی نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افرادکے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔وزیراعلی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیاہے۔



