لاہور:(بیوروچیف)پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تیز رفتاری اور کم عمر ڈرائیور کی غفلت خوفناک حادثے کا سبب بن گئی، کینال روڈ پر کار نہر میں گرنے سے 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
جوہر ٹاؤن کے قریب کینال روڈ پر افسوس ناک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مرنے والوں کی لاشیں گاڑی سے نکال کر ریسکیو حکام نے جناح ہسپتال منتقل کی ہیں، حادثے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوئے، کار ڈرائیور سمیت تینوں کم عمر تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر لگے بجلی کے کھمبے سے ٹکرائی اور نہر میں گر گئی، کار چلانے والے نوجوان کی شناخت 16 سالہ حمزہ علی کے نام سے ہوئی، دوسر ے نوجوان کی شناخت لیک سٹی کا رہائشی 18سالہ محمد علی اور تیسرے نوجوان کی شناخت 16سالہ مصطفی کے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار مقامی افراد کی مدد سے کار نکالنے کی کوشش کرتے رہے، 3 گھنٹے کے آپریشن کے بعد کرین کی مدد سے نہر میں پھنسی گاڑی کو نکالا گیا۔
حادثے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا،حکام کے مطابق قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



