لاہور(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے سکیورٹی امور کے ساتھ ساتھ شہریوں کے عوامی مسائل کے فوری حل کو بھی ترجیح دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں سائلین کی شکایات سننے کے ساتھ متعلقہ افسران کو ویڈیو لنک پر طلب کر کے موقع پر ہی جواب طلبی کی گئی۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور لین دین، فراڈ، جھگڑوں، تشدد اور دھمکیوں سے متعلق شکایات پیش کیں۔ فیصل کامران نے تمام درخواستوں پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعدد افسران کو انکوائری مارک کر دیے۔
ایس پی کینٹ، ڈی ایس پی ٹان شپ، ایس ایچ او رائیونڈ اور فیکٹری ایریا کو لین دین اور فراڈ سے متعلقہ درخواستوں پر کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں، جب کہ ایس ایچ او مغلپورہ، سبزہ زار، شادباغ اور جنوبی چھانی کو تشدد و دھمکیوں کی شکایات پر مکمل چھان بین کے بعد قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
خواتین سے متعلقہ شکایات پر ڈی آئی جی آپریشنز نی فوری کارروائی کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کو باعزت، باسہولت اور فوری انصاف کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری ہمارے لیے وی آئی پی ہے۔ سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ اور مظلوم کی مدد ہمارا مشن ہے۔ شہریوں نے اپنی شکایات پر فوری ردعمل اور موثر کارروائی پر ڈی آئی جی فیصل کامران کا شکریہ ادا کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ مقدمات کے غلط یا تاخیر سے اندراج پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



