لاہور، کراچی ( کامرس رپورٹر، بزنس رپورٹر) نئے سال کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تین ریکارڈ بن گئے۔ اسٹاک ایکسچینج نے سال نو کے پہلے دن ہی تاریخی سطح پر ٹریڈ ہونے کا ریکارڈ قائم کیا، 100انڈیکس پہلی بار 2200 پوائنٹس اضافے سے 1لاکھ 17ہزار 341پوائنٹس پرٹریڈ ہوا۔
اسٹاک ایکسچینج کا اختتام پہلی بار 1ہزار 881پوائنٹس پلس ہوکر 1لاکھ 17ہزار کی حد پر ہوا۔ اسٹاک ایکسچینج میں 461کمپنیوں کی شیئرز میں ٹریڈنگ ریکارڈ ہوئی۔ اسٹاک ایکسچینج میں 258کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ اور 160کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ہوئی، اسٹاک ایکسچینج میں 95کروڑ 62لاکھ مالیت شیئرز کی ٹریڈنگ 46ارب روپے سے زائد رہی۔ دوسری جانب نئے سال کے پہلے روز عالمی و مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد 24قیراط فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار اضافے کے بعد 273600روپے ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ 10گرام سونے کی قیمت 857روپے بڑھ کر 234568روپے ہوگئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونا 10ڈالر مہنگا ہوکر فی اونس 2624ڈالر کا ہوگیا۔



