انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم سعودی عرب کے4روزہ دورے پر جدہ پہنچ گئے

2025ء کی شجرکاری مہم کا آغاز، پوری قوم بڑھ چڑھ کر حصہ لے، شہباز شریف

جدہ، اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے چار روزہ دورے پر جدہ پہنچ گئے ہیں، مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز آل سعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ دورے میں وزیراعظم پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کے حوالے سے سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنما تجارت کو فروغ دینے، کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دوسری طرف وزیراعظم نے 2025ء کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ بدھ کو سعودی عرب روانگی سے قبل ایک تقریب کے دوران وزیراعظم نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رحمتوں اور برکتوں والے ماہ مقدس رمضان المبارک میں 2025ء کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تقریباً 4کروڑ 17لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ ہے جس میں پوری قوم اور بالخصوص نوجوان اور کسان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں بہت مدد دیتے ہیں۔ شجرکاری سے بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ پچھلے چند سال کے دوران ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شجر کاری کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ 2022ء کا شدید ترین سیلاب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہی آیا اور اس میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ بدقسمتی سے پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10ممالک میں شامل ہے۔ حالانکہ گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ ہمیں رمضان المبارک کی برکات سمیٹنی چاہیے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت کرنی چاہیے۔
ان شاء اللہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا۔ مزید برآں وزیراعظم نے پاکستان اور دنیا بھر میں نوروز منانے والوں کو جشن نوروز کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب مل کر اس نوروز کو باہمی اختلافات کو ختم کرنے، شمولیت کے فروغ، علاقائی و ثقافتی ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کا دن بنائیں۔ جشن نوروز کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر میں نوروز منانے والوں کو جشن نوروز کی مبارکباد دی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button