اسلام آباد، لاہور (خصوصی خبر نگار، خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان بھر میں یومِ آزادی آج قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا۔
نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی، جبکہ ملک بھر میں جشنِ آزادی کی مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
صدر مملکت کا قوم کے نام پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی محض ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، جسے ہر نسل نے آگے بڑھانا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ، تحریک پاکستان کے رہنماؤں و کارکنوں اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے، پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے، تاہم بھارت اپنی روش سے باز نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں قائم یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے قوم کو غلامی کے اندھیروں سے نکال کر آزادی کی نعمت سے سرفراز کیا۔ معرکۂ حق میں کامیابی پر پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جبکہ یادگارِ فتح افواجِ پاکستان کی برتری کی علامت ہے۔
قوم متحد ہو تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کے دلوں میں جذبات کا سمندر ٹھاٹے مار رہا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور افواجِ پاکستان کو معرکۂ حق میں کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا اور دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اس کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ قوم متحد ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔ پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور ہم سب اس کے وارث ہیں، اس لیے باہمی اختلافات کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔
پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے اور یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں امن کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف دوٹوک ہے اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
افغانستان دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے: وزیراعظم
شہباز شریف نے افغانستان کی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، علاقائی استحکام اور خودمختاری کے اصولوں پر قائم رہے گا، تاہم قومی مفادات اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



