پاکستانتازہ ترین

پاکستان، ناروے کا تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد، راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان اور ناروے نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، آئی ٹی، جہاز رانی، دفاع اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ عزم نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کے درمیان مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سامنے آیا، جبکہ ناروے کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے دورے کے دوران اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کیں۔

پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارت بڑھانے پر زور

اسحاق ڈار نے کہا کہ تقریباً 10 سال بعد ناروے کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت مستقل بنیادوں پر جاری ہے اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

نائب وزیراعظم نے ناروے کی کمپنی یارا انٹرنیشنل کی فوجی فرٹیلائزر کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں بڑے سرمایہ کاری منصوبوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کی ناروے کو آئی ٹی برآمدات میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی اور شپ ری سائیکلنگ میں تعاون

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اور ناروے نے موسمیاتی تبدیلی، شپ ری سائیکلنگ، عوامی روابط، ہنرمند افراد کی قانونی امیگریشن اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

پاکستان کے ثالثی کردار کی ناروے نے حمایت کردی

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے معاملے میں پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پاکستان کے لیے ایک بڑا کام تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششیں دنیا کے لیے اہم خدمت ہیں۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ناروے بین الاقوامی قوانین کی یکساں پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔ اختلافات کے باوجود ایران کا ایک ریاست کے طور پر محفوظ رہنا اس کا حق ہے۔

انہوں نے خطے میں بلا روک ٹوک جہاز رانی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ناروے نے جموں و کشمیر، افغانستان، فلسطین اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

آزاد فلسطینی ریاست اور دو ریاستی حل کی حمایت

ایسپن بارتھ ایڈے نے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ناروے فلسطینی مسئلے کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

وفود کی سطح پر اہم مذاکرات

اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ کے درمیان وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان ناروے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو آمد

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کیا اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات

بعد ازاں ناروے کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ناروے کے تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے ناروے کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

پاکستان نے ناروے کے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دے دی

علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے حوالے سے ناروے کے مضبوط اور اصولی مؤقف کو سراہا۔

انہوں نے خلیجی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت کرنے پر ناروے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button