لاہور (بیورو چیف) لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس افسران و اہلکار شہید جبکہ 2 پولیس اہلکاروں اور ایک شہری سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دونوں واقعات چند گھنٹوں کے دوران پیش آئے، جن کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
بادامی باغ میں فائرنگ، سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل شہید
فائرنگ کا پہلا واقعہ تھانہ بادامی باغ کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے تھانہ لاری اڈا میں تعینات سب انسپکٹر عدیل عاشق اور ہیڈ کانسٹیبل محمد اسد شہید ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔
چوک یتیم خانہ میں بھی پولیس اہلکاروں پر حملہ
فائرنگ کا دوسرا واقعہ چوک یتیم خانہ میں پیش آیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں کو مسلح ملزمان نے نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل حارث شہید ہوگئے، جبکہ 2 پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوئے۔
زخمی پولیس اہلکاروں اور شہری کو فوری طور پر شیخ زاید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی ہسپتال میں زخمیوں سے ملاقات
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شیخ زاید ہسپتال پہنچ کر فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہری کی عیادت کی۔
انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے علاج کی نگرانی کی۔
سی سی ڈی سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک
پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں گن اور پسٹل کا استعمال کیا گیا۔ فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
سی سی ڈی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعات کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔



