باراتیوں کی بس کوحادثہ،ڈمپر کی ٹکرسمیت مختلف حادثات،12افراد جاں بحق،27زخمی
کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق لڑکی کی اگلے ماہ شادی تھی، شہریوں کاڈمپر ڈرائیور پر تشدد،مظفرآباد میں 5، موٹروے ایم فائیو پر 3افرادجاں بحق
کراچی،فیصل آباد (نمائندگان سی این این اردو)شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا لکی ون شاپنگ مال کے قریب تیزرفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو کچل ڈالا، 22 سالہ ماہ نور اور اس کا 14 سالہ بھائی احمد رضا دم توڑ گئے جبکہ ان کے والد شاکر ولد صلاح الدین زخمی ہیں،فیملی ملیر میں شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی۔
جاں بحق ماہ نور کی اگلے ماہ شادی طے تھی اور اہل خانہ تیاریوں میں مصروف تھے لیکن حادثے کے باعث خوشیوں والا گھر ماتم کدہ بن گیاحادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ 7ڈمپرز کو آگ لگا دی،پولیس نے واقعہ میں ملوث 10 مشتبہ افراد اور ڈمپرڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
دریں اثنا ڈمپر ڈرائیورز ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وئے سہراب گوٹھ سے سڑک بند کر دی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، صدر ایسوسی ایشن حاجی لیاقت محسود نے دعویٰ کیا کہ حادثہ ٹینکر کی ٹکر سے ہوا اور مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی، ان کی 7 نہیں 9 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ملزموں کی گرفتاری تک سپر ہائی وے سے نہیں جائیں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپر حادثے میں بہن بھائی کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشتعل شہری قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں، سندھ حکومت شہریوں کی جان سے کھیلنے والے ڈمپر مافیا کو لگام دے۔
کراچی کےعلاقےبنارس پل پر دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ریسکیو کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر دو نوجوان ون ویلنگ کرتے ہوئے آرہے تھے جنہوں نے دوسری موٹرسائیکل کو ٹکر دے ماری، لوگوں نے ون ویلنگ کرنے والے لڑکے کو گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔
مظفر آباد میں خان پور دبن سے میرا آنے والی باراتیوں کی گاڑی پونیوگلی کے مقام پر کھائی میں جا گری جس سے خاتون سمیت5افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں 25 باراتی سوار تھے۔
بلوچستان اورپنجاب کے سرحدی علاقے بواٹہ کے مقام پر ٹرالراور ہائی لیکس میں تصادم کے باعث آگ لگ گئی اور ایک شخص جھلس کر جاں بحق ہو گیا، آتشزدگی سے 100سے زائد موٹر سائیکلیں جل کر راکھ ہوگئیں۔فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی۔کھڈ کوچہ کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹرالر اور ایرانی تیل بردار پک اپ میں تصادم ہوا، پک اپ میں آگ بھڑک اٹھی اور ڈرائیور جھلس کر جاں بحق ہو گیا جبکہ 2افراد زخمی ہوئے۔
پنڈی بھٹیاں موٹروے کے قریب تیز رفتار کار بھینس سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس سے شہری ضیاء الرحمٰن جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی بیوی نوشین اور چار بچے بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
موٹروے ایم فائیو پر فضل آباد کے قریب سوات سے کراچی جانیوالی مسافر کوچ بریک فیل ہو جانے پر ٹرالر سے ٹکرا گئی،جس سے تین افراد35سالہ بلال، 26سالہ فرحان شاہ اور 60سالہ علی گل جاں بحق ہو گئے جبکہ حمزہ، عبداللہ،محمدوارث،عزیزخان،نورین فضل الرحمٰن، شاہدحسین، ارشاد، فضل الحق، خان محمدسمیت دیگر زخمی ہو گئے۔ مسافر کوچ اور ٹرالر کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں چک 12پی کے میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم سے 15سالہ نوجوان نیاز احمد جاں بحق ہو گیا۔



