لاہور(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)محکمہ داخلہ پنجاب کا اسلحہ لائسنس کے حوالے سے فراڈ عناصر کے خلاف ایکشن، اسلحہ لائسنس کے نام پر جعلی ویب سائٹس بند اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کافیصلہ۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کو مراسلے لکھ دئیے،مراسلوں میں پنجاب میں اسلحہ لائسنس کے حوالے سے بوگس ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف سخت ایکشن کی سفارش کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے آگاہ کیا کہ پنجاب میں گزشتہ ایک سال سے نئے اسلحہ لائسنس پر مکمل پابندی عائد ہے اور حکومتی پابندی کے باعث پنجاب میں نئے اسلحہ لائسنس کی کوئی درخواست موصول نہیں کی جا رہی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اسلحہ لائسنس کے اجراء اور اس ضمن میں ہر قسم کے فراڈ سے ہوشیار رہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلوں میں درج ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو دھوکہ دینے کیلئے "پنجاب آرمز لائسنس مینجمنٹ ویریفیکیشن سسٹم” (http://palms.org.pk) کے نام سے جعلی اور بوگس ویب سائٹ رپورٹ ہوئی ہے۔
فراڈ عناصر اسلحہ لائسنس کے اجراء کی آڑ میں شہریوں سے بھاری رقم کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔ ایسے غیر قانونی پلیٹ فارمز اپنے نام اور انداز سے سرکاری ہونے کا دعوی کرتے ہیں۔
ایسے فراڈ عناصر مختلف موبائل نمبر اور ایزی پیسہ اکاؤنٹ بھی استعمال کر رہے ہیں جنہیں بند کروایا جا رہا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سفارش کی ہے کہ پی ٹی اے اور ایف آئی اے مکمل چھان بین کر کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے حکومت پنجاب کی اصل ویب سائٹ www.pal.nadra.gov.pk/pal ہے۔ اسلحہ لائسنس کی تجدید و تبدیلی کے تمام مراحل آفیشل ویب سائٹ اور نادرا کے ذریعے آن لائن ہیں۔
اصل ویب سائٹ www.pal.nadra.gov.pk/pal کے علاوہ دیگر تمام ویب سائٹس اور اکاؤنٹ جعلی ہیں جنہیں رپورٹ کیا جانا چاہیے۔ عوامی مفاد میں دیگر تمام جعلی ویب سائٹس اور اکاؤنٹ بلاک کر کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے چیرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل (سائبر کرائم) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے نام مراسلے جاری کر دیے ہیں۔



