لاہور (زبیر اسلم خان)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پٹرولیم لیوی ختم کرنے اور پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ پہنچایا جانا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 22 روپے نہیں بلکہ فوری طور پر 122 روپے فی لیٹر کمی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، لہٰذا حکومت عوام کو بھی مناسب ریلیف فراہم کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر کی سطح پر بحال کی جائے۔ ان کے مطابق اگر حکومت آئندہ دو سال کے لیے 250 روپے فی لیٹر کو زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کر دے تو معیشت میں تیزی آئے گی، کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی اور محصولات کے اہداف بھی حاصل ہونے لگیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے لیے پٹرولیم لیوی کا استعمال عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ توانائی کی بلند لاگت صنعتوں، کاروبار اور عام شہریوں کو متاثر کر رہی ہے جس کے منفی اثرات پوری معیشت پر مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ قومی مفاد میں ایسے فیصلے کیے جائیں جو عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کریں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے دباؤ کے بجائے ملکی ضروریات کو ترجیح دی جائے۔
کراچی کے مسائل پر تنقید
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں رہی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی پالیسیوں کے باعث کراچی کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کا شدید بحران ہے، آدھے شہر کو پانی میسر نہیں جبکہ ٹینکر مافیا سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے مقامی حکومتوں کو مزید اختیارات دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
غزہ اور ایران سے متعلق مؤقف
حافظ نعیم الرحمان نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں پاکستان کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بھی سوالات اٹھائے۔
بجٹ تجاویز پر سیمینار
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 3 جون کو اسلام آباد میں آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور حکمرانوں کو غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ ٹیکس نظام میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔



